بونیر، رواں ہفتے بارشوں سے سڑکوں کو ناقابل تلافی نقصان
سی جے عظمت تنہا
بونیر: رواں ہفتے ہونے والے بارش کے سلسلے نے ضلع بونیر کے مواصلاتی نظام کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا دیا، بارشوں سے سب سے زیادہ نقصان سڑکوں کو پہنچا جن میں بونیر سے شانگلہ جانے والی سڑک کی بہت ابتر صورت حال ہے۔
ٹی این این ذرائع کے مطابق تحصیل چغرزی سے گزرنے والی سڑک جگہ جگہ لینڈ سلائیڈنگ اور برساتی پانی سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے جس سے بونیر کی اس مصروف ترین گزرگاہ پر سفر کرنے والے شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اس سڑک سے ہی ملک کے دیگر حصوں سے شانگلہ کو اشیائے ضروریہ کی سپلائی ہوتی ہے جن میں غذائی اجناس کے علاؤہ سریا، سیمنٹ، اینٹ، کھاد وغیرہ کے بڑے ٹرک اسی راستے سے گزرتے ہیں۔
حالیہ بارشوں سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکیں ان اشیائے ضروریہ کی ترسیل کی راہ میں حائل سب سے بڑی رکاوٹ ہیں کیونکہ بڑی گاڑیوں کا گزرنا تقریباً ناممکن ہو چکا ہے اور کئی گاڑیاں حادثے کا شکار ہوتے ہوتے بچ گئیں۔
اہل علاقہ نے بونیر کی ضلعی انتظامیہ، حلقہ ایم پی اے پی کے 21 سید فخر جہان باچا اور ایم این اے شیر اکبر خان کے ساتھ ساتھ شانگلہ کے متعلقہ ایم پی اے و ایم این اے سے اپیل کی ہے کہ سڑک کی مرمت ہنگامی بنیادوں پر کی جائے تاکہ سپلائی لائن بحال ہو اور عوام کسی بڑے حادثے کا شکار نہ ہو جائیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو 1122 و دیگر امدادی اداروں کو بارشوں سے ہونے والے نقصان بارے پہلے ہی سے خبردار کیا تھا اور حفاظتی و احتیاطی حکمت عملی ترتیب دینے کا کہا تھا لیکن ادارے ابھی تک ہاتھ پہ ہاتھ دھرے کسی ناخوشگوار حادثے کے منتظر ہیں۔