خیبر پختونخوا
پشاور، پولیو ورکرز کو اب 500 کی بجائے 1000 روپے یومیہ معاوضہ ملے گا
خیبر پختونخوا پولیو ورکرز کے یومیہ معاوضہ اور الاونس کے ساتھ تمام اضلاع کو 71 کروڑ 60 لاکھ سے زائد رقم ریلیز کر دی گئی، محکمہ خزانہ نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو آگاہ کر دیا۔
اس حوالے سے ایمرجنسی آپریشن سنٹر (ای او سی) کے کوآرڈینیٹر عبدالباسط کا کہنا ہے کہ پولیو ورکرز کو اب 500 کی بجائے 1000 روپے یومیہ معاوضہ ملے گا، رواں سال پولیو ورکرز کے یومیہ معاوضہ میں سو فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے، مہم کے دوران پولیو ورکرز کو ایک ہزار یومیہ خصوصی الاونس بھی دیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیو ورکرز کو پہلے فی مہم 2500 روپے الاؤنس ملتا تھا اب 5 سے 7 ہزار مہم الاونس ملے گا۔
ای او سی کوآرڈینیٹر کے مطابق سو فیصد اضافے سے پولیو ورکرز کا حوصلہ بڑھے گا۔ فرنٹ لائن ورکرز کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافہ دیرینہ مسئلہ تھا جو حل کر لیا گیا۔