خیبر پختونخوا

چترال میں سیلاب، کئی مکانات کو نقصان، ریشن کے مقام پرپل تباہ

 

چترال میں سیلاب نے تباہی مچادی، ضلع اپر چترال کو جانے والے واحد سڑک میں ریشن کے مقام پر پختہ پل سیلاب کی وجہ سے تباہ ہوا جس کے باعث ضلع اپر چترال کا ملک کے دیگر حصوں سے رابطہ مکمل طور پر منقطع ہوا ہے۔
پشاور جانے والا سڑک بھی لواری سرنگ سے لیکر برا ڈام تک تین مقامات پر ہر قسم ٹریفک کیلئے بند ہے۔ سیلاب کے باعث سڑک پر پہاڑوں سے ملبہ اور پہاڑی تودے گرے ہیں۔
چترال ٹاؤن کے چترال گول نالہ میں بھی اونچے درجے کا سیلاب ہے۔ حکام کے مطابق وادی کیلاش کے رمبور گاؤں میں بھی سیلاب نے تباہی مچادی جہاں چار مکانات کو سیلاب کی وجہ سے نقصان پہنچا ہے اور راستہ بھی بند ہوا ہے۔
ضلع اپر چترال میں بونی، چرون، زئیت، ریشن اور بریپ کے مقام پر سیلاب آیا ہوا ہے جبکہ لوئر چترال میں جنجیریت کوہ، شیشی کوہ، ارسون، برنس، براڈام عشریت، رمبور وغیرہ میں سیلاب نے تباہی مچادی ہے تاہم ابھی تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
حکام کے مطابق ریشن کے مقام پر حال ہی میں ایک پختہ پل تعمیر کیا گیا جو سیلاب کی وجہ سے تباہ ہوا جس کی وجہ سے ضلع اپر چترال اور گلگت بلتستان کا چترال کے ساتھ رابطہ منقطع ہوا ہے۔
نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے مطابق پشاور سڑک کو کھولنے کیلئے مشنری بھیج دی گئی ہے اور بہت جلد ٹریفک بحال کیا جائے گا۔ گرویر گول نالہ میں سیلاب کی وجہ سے پن بجلی گھر سے علاقے کو بجلی کی فراہمی معطل ہوچکی ہے۔

دوسری جانب وزیر اعلی محمود خان نے ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو متاثرہ علاقوں میں فوری امدادی سرگرمیاں شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ متاثرہ آبادی کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جائے، متاثرہ گھروں کے مکینوں کے لئے عارضی رہائش کا بندوبست کیا جائے، متاثرین کو امدادی سامان اور دیگر اشیائے ضروت کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور رابطہ سڑکوں اور پلوں کی بحالی لئے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button