ایک اور دن ایک اور حادثہ، بی آر ٹی کے چلتی بس میں آگ لگ گئی
پشاور میں بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) کے بس میں آگ بھڑک اٹھی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ریسکیو 1122 کے عملے کا کہنا ہے کہ آگ بی آر ٹی کے سٹیشن نمبر 28 حیات آباد کے قریب لگی تھی۔ آگ لگنے کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آئی تاہم عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ آگ بس کے اوپر والے حصے میں لگی تھی۔ ریسکیو عملے کا کہنا ہے کہ آگ پر فورا قابو پا لیا گیا ہے۔
دوسری جانب بی آر ٹی چلانے والی کمپنی ٹرانس پشاور کے ترجمان کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کے بعد فورا آگ بجھانے والا عملہ اور ریسکیو ٹیمیں روانہ کردی گئی تھی اور تمام مسافروں کو باحفاظت اسٹیشن سے نکال دیا گیا تھا۔
ترجمان نے کہا ہے کہ آگ لگنے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہوسکتی اور اس ضمن میں تفتیش جاری ہے۔ آگ پر قابو پانے کے بعد بس سروس دوبارہ بحال کردی گئی ہے۔
https://www.facebook.com/1888772968003203/videos/294369415200660/
حادثے کے بعد وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی کامران بنگش بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے تھے۔ میڈیا کے لئے جاری بیان میں کامران بنگش نے کہا ہے کہ معاملے کی تحقیقات کیلئے انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو کہ جلد وجوھات سامنے لائے گی۔
خیال رہے کہ 13 اگست کو بی آر ٹی کے افتتاح کے بعد سے اب تک کئی بسوں میں خرابی سامنے آچکی ہے۔ افتتاح کے دوسرے ہی دن منصوبے کا ایک بس ملک سعد شہید اسٹیشن کے قریب راستے میں خراب ہوا تھا جہاں سے مسافروں پیدل سٹیشن چلنے پر مجبور ہوگئے تھے۔ گزشتہ ہفتے بھی گلبہار سٹیشن کے قریب دوسرا بس بھی بیچ راستے خراب ہوگیا تھا جس کی وجہ سے کئی گھنٹوں تک بس سروس معطل رہی تھی۔
گزشتہ دن بارش کے دوران بھی حیات آباد کے دو سٹیشنز میں پانی ٹپکنے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔ 70 ارب روپے سے زائد کی لاگت میں بننے والے اس منصوبے میں آئے روز مسئلے آنے پر نہ صرف حکومت مخالف سیاسی پارٹیاں بلکہ عام لوگ بھی تنقید کر رہے ہیں