پشاور کے مزید چار علاقوں میں مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ
پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر مزید علاقوں میں مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے۔
کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشات کے باعث خیبرپختونخوا کے شہر پشاورکے مزید علاقوں میں مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن لگانے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
پشاور کے مزید علاقوں کے گھروں اور گلیوں میں آج دوپہر 12 بجے سے مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق،مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن حیات آباد، صدر، ڈیفنس کالونی، پجگی روڈ اور ورسک روڈ پر چند گھروں اورگلیوں میں لگایا جائے گا جبکہ مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران ان علاقوں سے ان آوٹ انٹری بند رہے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی حکومت کی پالیسی اور ہدایات پر صرف گلیوں اورچھوٹے علاقوں میں مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن لگایا جا رہا ہے،ان علاقوں میں صرف ضروری اشیاء خوردنوش، میڈیسن، جنرل سٹور، تندور اور ایمرجنسی سروس کی دکانیں کھلی رہیں گی جبکہ ان علاقوں کی مساجد میں صرف 6افراد کو باجماعت نماز پڑھنے کی اجازت ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ،علاقہ مجسٹریٹ اور پولیس کو مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن پر عمل درآمد کے حوالے سے ہدایات جاری کر دی گئیں، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔