خیبر پختونخوا حکومت کا دو روزہ بروغل فیسٹویل کے انعقاد کا فیصلہ
خیبر پختونخوا حکومت نے دو روزہ بروغل فیسٹویل کے انعقاد کا فیصلہ کر لیا، وزیر اعلی محمود خان کی خصوصی ہدایات پر محکمہ سیاحت نے فیسٹویل کے انعقاد کی تیاریاں شروع کر دیں۔
اس حوالے سے جاری ایک بیان کے مطابق فیسٹویل 5 اور 6 ستمبر کو بروغل نیشنل پارک اپر چترال میں منعقد کیا جائے گا جس میں یاک پولو اور بزکشی کے علاوہ دیگر مقامی روایتی کھیلوں کے مقابلے منعقد کئے جائیں گے۔
بیان کے مطابق روایتی موسیقی اور مقامی کھانوں کی نمائش بھی فیسٹویل کا اہم حصہ ہو گی، سیاحوں اور شراکاء کی سہولت کے لئے ٹینٹ ویلیج بھی قائم کیا جائے گا اور فیسٹویل میں قدیم اور منفرد واخی ثقافت کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا جائے گا۔
اس حوالے سے وزیراعلیٰ محمود کان نے ہدایات جاری کی ہیں کہ فیسٹویل کے کامیاب انعقاد کے لئے تمام تر تیاریاں اور انتظامات بر وقت مکمل کئے جائیں اور فیسٹویل کے شراکاء اور سیاحوں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، محمود خان۔