کوہاٹ، ڈوبتے بھائی کو بچانے کی کوشش میں چار بہنیں جاں بحق
سٹیزن جرنلسٹ محمد نواز
کوہاٹ کے نواحی علاقہ کیڑی شیخان میں مقیم ضلع اورکزئی سے تعلق رکھنے والے ایک ہی گھر کے پانچ بچے یکے بعد دیگرے پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہو گئے، جاں بحق ہونے والوں میں چار بہنیں اور ایک بھائی شامل ہیں جو ایک دوسرے کو بچاتے ہوئے پانی میں ڈوب گئے۔
ذرائع کے مطابق کوہاٹ کی تحصیل گمبٹ کے یوسی چورلکی کے گاؤں کیڑی شیخان میں مقیم یارمین اکبر کے پانچ بچے ایک دوسرے کو بچاتے ہوئے پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہو گئے، غم زدہ خاندان کا تعلق ضلع اورکزئی کے قوم بیزوٹ تپہ بیٹنی سے ہے جو کہ مقامی زمیندار کی زمین کاشت کرنے حال ہی میں اپنے گاؤں سے آئے تھے، ان کی والدہ مقامی تالاب میں کپڑے دھونے گئی جہاں بچے ایک دوسرے کو بچاتے ہوئے پانی کی نذر ہو گئے۔
جاں بحق ہونے والوں بچوں میں 4 بہنیں زہرہ بی بی عمر سولہ سال، ہاجرہ بی بی عمر 15 سال، عائشہ بی بی عمر 13 سال، ثناء بی بی عمر 8 سال اور بھائی عمر صدیق کی عمر دس سال بتائی جا رہی ہے جن کو مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کی تحت تالاب سے نکال لیا۔
ایک ہی گھر میں پانچ بچوں کی لاشیں پہنچتے ہی علاقہ میں کہرام برپا ہو گیا، علاقہ میں سوگ کا سماں، ہر آنکھ اشکبار، چیخ وپکار نے ہر ایک کو رلا دیا۔
مقامی پولیس نے ضروری کارروائی کرنے کے بعد لاشوں کو ورثاء کے حوالے کر دیا، دریں اثناء ورثاء نے بچوں کی لاشوں کو آبائی علاقہ بیزوٹ ضلع اورکزئی روانہ کر دیا۔