پشاور کے مزید چار علاقوں میں مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ
صوبائی دارلحکومت پشاور میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں اضافے کے خدشے کے پیش نظر چار مزید علاقوں میں مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن حیات آباد، انور اسد کالونی اور او پی ایف کالونی میں آج دوپہر دو بجے سے نافذ کردیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق لاک ڈاؤن والے علاقوں میں داخلے اور باہر جانے پر پابندی ہوگی تاہم اشیا خورونوش، ادویات، جنرل اسٹور، تندور اور ایمرجنسی سروس کی دکانیں کھلی رہیں گی۔
مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن کا اصطلاح وفاقی حکومت کی جانب سے شروع کیا گیا ہے جس میں صرف ان مخصوص محلے اور گلیوں میں لاک ڈاؤن نافذ کیا جاتا ہے جہاں کورونا کے مریض ہو۔
یاد رہے کہ دو دن قبل بھی پشاور کے حیات آباد، شاہین ٹاؤن، اکبر ٹاؤن اور شامی روڈ کے 6 مخصوص محلوں اور گلیوں میں مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔
خیبرپختونخوا کے محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں گزشتہ روز 64 نئے کورونا کیسز سامنے آئے تھے جن کے ساتھ مجموعی متاثرین کی تعداد 35401 ہوگئی ہے۔ صوبے میں تین نئے اموات کے ساتھ کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 1242 ہوگئی ہے جبکہ وائرس سے صحتیاب ہونےوالوں کی تعداد میں بھی روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ اس وقت صوبے میں صرف 1512 ایکٹیو مریض رہ گئے ہیں جبکہ باقی تمام صحتیاب ہوچکے ہیں۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) کے مطابق ملک بھر میں کورونا کیسزکی تعداد 2 لاکھ 90 ہزار 445 تک جا پہنچی ہے اور جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد6ہزار201 ہے۔