خیبر پختونخوا

ہنگو، خواتین کے محرم کے بغیر سودا سلف خریدنے پر پابندی عائد

ہنگو۔۔۔ علاقہ دوابہ میں خواتین کے محرم کے بغیر سودا سلف خریدنے پر پابندی عائد کر دی گئی۔

ذرائع کے مطابق پاسبان دو آبہ نامی تنظیم نے دو آبہ کے علاقہ میں یہ پابندی عائد کی ہے، اس حوالے سے قومی مشران کا کہنا تھا کہ کسی بھی خاتون کو بغیر محرم کے سودا دیا گیا تو اسے پچاس ہزار روپے جرمانہ کیا جاۓ گا۔

مشران نے واضح کیا تھا کہ بغیر محرم کے خواتین کو سودا سلف دینے والے دکاندار کو جرمانہ کے ساتھ ساتھ ایک ہفتے تک دکان بھی سیل کی جائے گی، بار بار خلاف ورزی کرنے پر دکاندار کو بے دخل کیا جائے گا اور کسی بھی دکان میں پردہ آویزاں نہیں ہو گا۔

بعدازاں ڈی سی ہنگو کی جانب سے ایک اعلامیہ جاری کیا گیا اور کہا گیا کہ دوآبہ کے بازار میں خواتین پر کوئی پابندی نہیں، خواتین پر پابندی لگانے کا پمفلٹ جاری کرنے والے افراد کے خلاف ایکشن لیا گیا ہے۔

ڈی سی ہنگو منصور ارشد کے مطابق کسی کو بھی خواتین کے بنیادی حقوق غصب نہیں کرنے دیں گے، آج بھی دوآبہ بازار میں خواتین کی آمد و رفت جاری رہی۔

اعلامیہ میں خبردار کیا گیا تھا کہ کسی بھی دکاندار نے خواتین کو سودا نہ دیا تو ان کے خلاف سخت کاروائی ہو گی۔

منصور ارشد کے مطابق پولیس کو مذکورہ افراد کے خلاف کارروائی کے لئے سفارشات ارسال کر دی ہیں، پاسبان نامی تنظیم اپنا فیصلہ واپس لینے کے ساتھ ساتھ معذرت پر مبنی بیان بھی جاری کریں گے۔

بعدازاں پاسبان دوابہ نے خواتین پابندی فیصلے پر ڈی سی سے تحریر معافی نامہ مانگ لیا۔

پاسبان دوابہ کے صدر سردار علی کے مطابق ہم نے خواتین کے بازار آنے پر پابندی کا جو فیصلہ کیا تھا اس پر معافی چاہتے ہیں، خواتین کے بازار آنے پر کسی قسم کی کوئی شکایت نہیں، خواتین بازار میں سودا سلف کیلئے آ سکتی ہیں۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button