ہنگو میں بارات میں شامل گاڑی کو حادثہ، 3 افراد جاں بحق
ضلع ہنگو کے علاقے دوآبہ میں ٹل ہنگو روڈ پربارات میں شامل موٹرکار اًلٹ جانے سے ایک بچے سمیت 3 افراد جاں بحق اورتین بچوں سمیت 9دیگرزخمی ہوگئے۔ جاں بحق و زخمی افراد میں زیادہ تر ایک ہی خاندان کے افراد شامل بتائے جاتے ہیں۔ حادثہ مبینہ طورپرتیزرفتاری کے باعث پیش آیا۔
پولیس تھانہ دوآبہ کے مطابق پیر کے روز دن تقریباًایک بجے یہ حاردثہ اًس وقت پیش آیا جب ہنگو سے ٹل جانے والی بارات میں شامل ایک فیلڈرموٹرکار ڈرائیور سے بے قابو ہو کر پل سے نیچے گرگئی جس کے نتیجے میں کارمیں سوار 2 افراد15 سالہ حکمران ولد سرورخان اور 5 سالہ بچہ ابوبکر ولد ضیاء الحق موقع پر جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق موٹرکار کی زدمیں آکر ایک راہ گیر 15 سالہ عرفان ولد شیراحمد زخمی ہوگیا جو بعدازاں زخموں کی تاب نہ لاکرچل بسا۔پولیس کے مطابق حادثہ تیزرفتاری کے باعث پیش آیا۔ حادثے کے نتیجے میں کارمیں سوار دیگر(9)فراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طورپرمقامی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ زخمی افراد میں چار خواتین اور تین بچے بھی شامل ہیں۔
جن زخمیوں کی شناخت ہوئی ہے اْن میں ادریس ولد عقل وزیر(5 سال)‘ محمدولد وزیرخان(4 سال)‘ بریرہ دختر ضیاء الحق(8 سال)‘ حبیب اللہ ولد عقل وزیر(17 سال)‘ صابراللہ ولد سخی بادشاہ( 23 سال)‘ مسماۃ زاہدہ دختر وزیرخان(15 سال)‘ مسماۃ جمیلہ زوجہ نعمت اللہ(24 سال)‘ مسماۃ طفلہ جان(45 سال) اورمسماۃ گل بانو زوجہ ضیاء الحق (21 سال) ساکنان سول ہسپتال ٹل شامل ہیں۔پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔