خیبرپختونخوا میں بھی لاک ڈاؤن ختم، پیر سے زندگی پرانے ڈگر پر لوٹ آئے گی
وفاقی حکومت کے فیصلے کے بعد خیبرپختونخوا حکومت نے بھی پیر کے دن سے لاک ڈاؤن مکمل طور پر ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سیکرٹری داخلہ و قبائلی امور اکرام اللہ خان کی جانب سے جاری نوٹیفیکشن کے مطابق پیر 10 اگست سے صوبے بھر میں شادی ہالز اور تعلیمی اداروں کے علاوہ باقی تمام شعبوں کو کھلنے کی اجازت ہوگی۔ حکومت نے تمام کاروبار کے مختص اوقات اور ہفتہ و اتوار کی چھٹی بھی ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
نوٹیفیکشن میں کہا گیا ہے کہ فیصلے کا اطلاق مذہبی اجتماعات پر بھی ہوگا تاہم انہیں پہلے متعلقہ اداروں سے اجازت لینی ہوگی۔
صوبائی حکومت نے اس ضمن میں تمام پبلک ٹرانسپورٹ کو فوری طور پر کھلنے کی اجازت دی ہے۔
سیکرٹری داخلہ و قبائلی امور نے تمام اداروں کو ہدایات جاری کی ہے کہ کاروبار زندگی کھلنے کے ساتھ اپنے متعلقہ اداروں و مقامات کے لئے خصوصی ایس او پیز تیار کرے اور ان کا نفاذ یقینی بنائے۔
خیال رہے کہ ملک بھر میں کورونا کے کیسز اور اموات میں نمایاں کمی کے ساتھ 6 اگست کو نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں ملک بھر میں نافذ لاک ڈاؤن ختم کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم خیبرپختونخوا حکومت نے ابھی تک اس کی توثیق نہیں کی تھی۔
اجلاس میں تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے کھلنے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے