صوابی، سابقہ دشمنی پر راہگیر سمیت 5 نوجوان قتل، 2 ملزمان گرفتار
مانیری پایاں صوابی میں سابقہ دشمنی کی بناء پر مسلح افراد کی فائرنگ سے راہگیر سمیت 5 نوجوان جاں بحق ہو گئے، مقتولین میں دو کا تعلق چارسدہ سے ہے جن میں ایک پولیس کو قتل کے مقدمہ میں مطلوب تھا، پولیس نے واردات میں ملوث 2 ملزمان کو آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا جن کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
فضل غنی ولد فضل الرحمن سکنہ شریف آباد مانیری بالا نے تھانہ صوابی میں ایف آئی آر درج کراتے ہوئے بتایا کہ گذشتہ رات منتظم شاہ ولد نیک عمل سکنہ کانگڑہ شبقدر، سلیمان شاہ ولد یعقوب سکنہ زیم قلعہ تنگی چارسدہ نے اس کے بیٹے ارسلان کے پاس آ کر پڑوسی صدام اللہ کے ہمراہ 2 موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر یہ کہہ کر چلے گئے کہ ہم کسی کام کے سلسلے میں جا رہے ہیں بعد ازاں اطلاع ملی کہ راستہ روندہ نزد مسجد سلطان محمد خیل واقع مانیری پایاں کے مقام پر چاروں کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا جبکہ فائرنگ سے ایک نوجوان راہگیر فہد ولد جاوید شدید زخمی ہو گیا۔ جس پر جائے واردات پر پہنچ کر معلومات اور تسلی کی جس پر انہوں نے اس کے قتل کی دعویداری مبینہ طور پر افنان ولد اتم خان سکنہ مینئی حال گاڑ مانیری، راشد ولد فضل اور عمران ولد فقیر ساکنان ڈاگئی لار مانیری بالا پر کی, وجہ قتل عمران، راشد کی مقتولین کے ساتھ سابقہ دشمنی بیان کی گئی ہے۔
مجروح راہ گیر فہد ولد جاوید پشاور ہسپتال لے جاتے ہوئے راستے میں دم توڑ گیا۔ پولیس نے مقتول صدام اللہ کے قبضے سے ایک کلاشنکوف بمعہ چارجر و 30 عدد کارتوس، ارسلان سے ایک عدد تیس بور پستول بمعہ چارجر و پانچ عدد کارتوس، منتظم شاہ سے ایک عدد 30 بور پستول بمعہ چارجر و پانچ عدد کارتوس کے علاوہ دو عدد موٹر سائیکلیں نقصان شدہ بھی بر آمد کیں۔
ڈی ایس پی نور الا مین خان اور ایس ایچ او محمد فاروق خان بمعہ نفری جائے وقوعہ پر پہنچ کر جاں بحق ہونے والوں کو ضلعی ہسپتال صوابی منتقل کر دیا۔
پولیس رپورٹ کے مطابق مقتول سلیمان شاہ تھانہ سرو ضلع چارسدہ کے پولیس کو قتل اور اقدام قتل کے مقدمات میں مطلوب تھا جبکہ مقتول راہ گیر فہد خان ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفس شاہ منصور صوابی کے پرائیویٹ کلرک جاوید خان کے صاحبزادے تھے۔
مقتول کو اپنے آبائی گاؤں مانیری پایاں میں سپرد خاک کر دیا گیا جنازے میں کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ صوابی پولیس نے مبینہ ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے اور دو مبینہ ملزمان راشد اور عمران کو گرفتار کر لیا ہے۔