پشاور میں تین افراد کا پراسرار قتل، فلیٹ سے لاشیں برآمد
صوبائی دارالحکومت پاور کے پوش علاقت حیات آباد میں ایک فلیٹ سے تین لاشیں برآمد ہوئیں جنہیں فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔
تھانہ تاتارا پولیس کے مطابق فیز ٹو می واقع ڈینز ہائٹس کے ایک فلیٹ سے تین لاشیں برآمد کی گئیں جن میں سے ایک کی شناخت ضیاء الدین کے نام سے ہوئی جو لنڈی کوتل کا رہائشی ہے، مرحوم اپنے گاؤں کی مسجد میں امامت کے فرائض سرانجام دینے کے علاوہ طورخم سرحد پر جوس کی ایک دکان کا بھی مالک ہے۔
تاتارا پولیس کے مطابق دوسری لاش کی شناخت نوید سومرو کے نام سے ہوئی جو خیرپور سندھ سے تعلق رکھنے والا جبکہ اس کی ملازمت کے بارے میں وثوق سے کچھ نہیں بتایا جا سکتا تھا، مقتول نے ہمسایوں سے کہا تھا کہ وہ سرکاری ملازم ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تیسری لاش کی شناخت نیمہ سومرو کے نام سے ہوئی ہے جو مبینہ طور پر نوید کا بھائی ہے، لاش کے قریب پڑے پاسپورٹ سے شناخت میں مدد ملی ہے تاہم لاش کی حالت کو دیکھتے ہوئے ابھی وثوق سے کچھ نہیں کہا جا سکتا۔
پولیس کے مطابق نوید کی نعش کے قریب ایک پستول اور کارتوس کے چھ خالی خول پڑے ہوئے ملے ہیں، مزید تفتیش جاری ہے جبکہ مکمل معلومات مکمل ہونے کے بعد جاری کی جائیں گی۔