خیبر پختونخوا

کوہاٹ: غیرت کے نام پرشادی شدہ خاتون سمیت دو افراد قتل

کوہاٹ کے نواحی علاقہ مسلم آباد میں غیرت کے نام پر ایک شادی شدہ خاتون سمیت دو افراد کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا گیا۔ دوسری جانب کرک میں مبینہ طور پر خاتون نے اپنے خاوند کو گولی مار کر موت کے گھاٹ اتاردیا۔

پولیس تھانہ جرما میں درج رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز 19 سالہ داود اور 29 سالہ شادی شدہ خاتون مسماۃ(ت) کو آتشیں اسلحہ اور تیز دھار آلے کی مدد سے قتل کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق دونوں کو آپس میں ناجائز تعلقات کے شبہ میں خاتون کے شوہر گل ولی اور دیگر خاندان والوں نے قتل کردیا ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔

ادھر ضلع کرک کی تحصیل بانڈہ داود شاہ کے علاقہ ٹیری تھانہ کی حدود میں واقع شگئی میں گزشتہ شب مبینہ طور پر مسماۃ (س)نے نامعلوم وجوہات کی بنا اپنے شوہر عبدالوہاب ولد محمد اسلام کو بندوق سے فائر کرکے قتل کردیا۔ مقتول کے بھائی اسد خان کی مدعیت میں تھانہ ٹیری میں یاسر ولد مستان دین،صہیب ولد دولار خان اور اپنی بھابی زوجہ عبدالوہاب کے خلاف مقدمہ درج کردیا گیا ہے جہاں پولیس نے مقدمہ قتل میں نامزد مقتول کی زوجہ(س)کو آلہ قتل بندوق سمیت حراست میں لے کر مزید تفشیش شروع کردی ہے۔

پولیس نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ خاتون مرگی کی مریضہ ہے جس نے غلطی سے فائرنگ کرکے اپنے خاوند کو قتل کرنے کا اعتراف بھی کرلیا ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button