شاہد افریدی دیر کے علاقے شرینگل کے لئے رحمت کا فرشتہ بن گیا، واحد ہسپتال کے لئے کئی منصوبوں کا آغاز
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان و ممتاز آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے اپر دیر کے تحصیل شرینگل میں واقع سرکاری ہسپتال پاترک میں بجلی کی فراہمی کے منصوبے کا افتتاح کردیا ۔ اس ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سے ہسپتال چالیس کے وی بجلی فراہم کی جائے گی۔
مقامی لوگوں کے مطابق پاترک ہسپتال لاکھوں کی آبادی پر مشتمل علاقے کے لئے واحد ہسپتال ہے جہاں ایمرجنسی کی صورت میں اکثر اوقات سیاح بھی آتے ہیں لیکن بجلی کی عدم فراہمی کی وجہ سے یہ ہسپتال رات کے وقت مکمل طور پر بند ہوتا ہے۔ رات کے وقت ایمرجنسی کی صورت میں بھی ڈاکٹرز ہسپتال میں موجود نہیں ہوتے۔
پاترک ہسپتال میں لیبرروم کی سہولت بھی دستیاب بھی نہیں جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کے مطابق زچہ و بچہ کی شرح اموات نہایت زیادہ ہے کیوںکہ باقی ہسپتال اس علاقے سے کافی دور پڑتے ہیں۔
ہسپتال کے دورے کے موقع پر سابق کپتان نے شاہد افریدی فاؤنڈیشن کی جانب سے وہاں جدید سہولیات سے آراستہ لیبر روم بنانے کا اعلان کیا اور اس موقع پر ہسپتال کے لئے بجلی کے ساتھ ساتھ پانی کی فراہمی کے منصوبے کا بھی افتتاح کیا۔
انہوں نے وہاں موجود لوگوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ شاہد افریدی فاؤنڈیشن انہی کا ادارہ ہے اور یہ ہر پاکستانی کی فاؤنڈیشن ہے۔
شاہد آفریدی نے بات کرتے ہوئے اپنے اس عزم کو دہرایا کہ پاکستان میں جہاں بھی صحت اور تعلیم سے متعلق مسائل ہوں گے میری کوشش ہوگی کہ شاہد آفریدی فاونڈیشن وہاں اپنا کردار ادا کرے۔