خیبر پختونخوا

خیبرپختونخوا میں کورونا کے مریضوں میں 44 فیصد کمی

خیبرپختونخوامیں کورونا وائرس کے مریضوں میں کمی واقع ہوئی ہے۔ محکمہ صحت خیبر پختونخوا کے اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 25 دنوں کے دوران انتہائی نگہداشت یونٹ میں داخل تشویشناک مریضوں میں 44 فیصد کمی آئی ہے۔

سرکاری اعدادوشمار کے مطابق ہائی ڈیپینڈینسی یونٹ کے مریضوں کی شرح میں 44 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس کے مریضوں کیلئے مختص 177 وینٹی لیٹرز میں اس وقت 63 وینٹی لیٹرز پر کورونا کے مریض ہیں،631 ایچ ڈی یو بیڈز میں سے 179 پر کورونا کے مریض زیر علاج ہیں۔

سیکرٹری ہیلتھ امتیاز حسین شاہ نے بتایا کہ جون کے مہینے میں وینٹی لیٹرز اور ایچ ڈی یو یونٹ پر مریضوں کی تعداد زیادہ تھی، جولائی میں پہلے وینٹی لیٹرز کے مریضوں میں کمی ہوئی اب ایچ ڈی یو یونٹ میں کمی آئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گذشتہ ایک ہفتے میں کورونا سے 44 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ سیکرٹری ہیلتھ کے مطابق اگرعیدالاضحی میں ایس او پیز کا خیال رکھا گیا تو عید کے بعد بھی حالات قابو میں ہونگے، سیکرٹری ہیلتھ کا کہنا ہے اگر وائرس دوبارہ پھیلنے کا خطرہ ہوا تو اس کے لئے پہلے سے ہسپتال مختص کیے گئے ہیں۔

دوسری جانب ملک میں کورونا سے مزید 38 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 5669 ہوگئی جبکہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 266955 تک جاپہنچی ہے۔

اب تک پنجاب میں 2090، سندھ میں 2041 اور خیبر پختونخوا میں 1153 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جب کہ اسلام آباد میں 160 ، بلوچستان میں 135 ، آزاد کشمیر میں 47 اور گلگت بلتستان میں 43 افراد کا انتقال ہوا ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button