ملاکنڈ ٹنل اور خیبر پاس اکنامک کوریڈور منصوبوں کیلئے 2500 ملین روپے مختص
وفاقی حکومت نے رواں مالی سال 2020ـ21ء کے بجٹ کے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام ( پی ایس ڈی پی) کے تحت مواصلات ڈویژن کے ماتحت ادارے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے خیبرپختونخوا کے ضم اضلاع کے دو نئے منصوبوں مالاکنڈ ٹنل کی تعمیر اور خیبر پاس اکنامک کوریڈور منصوبوں کے لیے مجموعی طور پر 2500 ملین روپے مختص کیے ہیں۔
این ایچ اے کے حکام کے مطابق نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے خیبرپختونخوا کے قبائلی اضلاع میں دو نئے منصوبوں جن میں ملا کنڈ ٹنل کی تعمیر کے لیے 1000 ملین روپے رواں مالی سال 2020ـ21ء کے بجٹ میں مختص کیے ہیں جبکہ منصوبہ کی تعمیر پر مجموعی طور پر 16554 ملین روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
خیبر پاس اکنامک کوریڈور منصوبے کے لیے 1500 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ منصوبہ کی تعمیر پر مجموعی طور 77912 ملین روپے تخمینہ لگایا گیا ہے ان دونوں منصوبوں کے لیے کل مجموعی طور پر 94466 ملین روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
یاد رہے کہ 11 جون کو وفاقی حکومت نے پشاور سے طورخم سرحد تک خیبر پاس اکنامک کوریڈور کے قیام کی منظوری دی تھی۔ رپورٹ کے مطابق پشاور سے طورخم سرحد تک خیبرپاس اکنامک کوریڈور کے قیام کے لیے نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے سروے کا عمل مکمل کر لیا ہے جس کے بعد اس کی تعمیر میں 65 ارب روپے کا تخمینہ لگایا ہے۔
دوسری جانب ضلع خیبر کی انجمن تاجران باڑہ نے مطالبہ کیا ہے کہ خیبر پاس اکنامک کوریڈور میں دہشت گردی سے متاثرہ باڑہ کو آبادی اور رقبے کے تناسب سے حصہ دیا جائے، بصورت دیگر باڑہ میں صرف سڑک گزارنے کی بجائے مزکورہ سڑک پشاور منتقل کیا جائے۔