خیبر پختونخوا

جلوزئی اکنامک زون کا افتتاح، منصوبے میں50 ہزار نئے ملازمتوں کے مواقع موجود

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے جلوزئی اکنامک زون کا باقاعدہ افتتاح کردیا جہاں حکومت نے257 ایکڑ اراضی پر محیط اس اکنامک زون میں آٹھ ارب روپے کی نجی سرمایہ کاری کی امید ظاہر کی ہے۔

افتتاح کے موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ منصوبہ علاقے کی ترقی و خوشحالی کے لئے یہ ایک گیم چیلنجر ثابت ہوگا جس سے روزگار کے بلواسطہ اور بلا واسطہ 50ہزار نئے مواقع پیدا ہونگے۔ صوبائی دارالحکومت کے قریب ہونے ،انجینئرنگ یونیورسٹی اور نئی ہاؤسنگ سکیموں سے مستقل ہونے کی وجہ سے یہ اکنامک زون خصوصی اہمیت کا حامل ہے جو دواسازی، فروٹ پراسسنگ، اسلحہ سازی، فوڈ پیکجنگ، فرنیچر ، کنسٹرکشن، ماربل، گرینائٹ اور دیگر صنعتوں کے لئے انتہائی موزوں ہے۔

اب تک اس نئے اکنامک زون میں مختلف قسم کی نئی صنعتیں لگانے کے لئے چارسو کے قریب درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا کہ منصوبے کا افتتاح صوبے میں صنعتوں اور سرمایہ کاری کے فروغ کے ساتھ روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لئے موجودہ صوبائی حکومت کی موثر کوششوں کا نتیجہ ہے۔ اس اکنامک زون میں صنعتیں لگانے کے لئے سرمایہ کاروں کی طرف سے غیر معمولی دلچسپی کا مظاہرہ صوبائی حکومت کی طرف سے باعث اطمینان اور حوصلہ افزا ءامر ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں صنعتی سرگرمیوں کے فروغ کے ذریعے لوگوں کو روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کے لئے صوبائی حکومت ایک جامع منصوبہ بندی کے تحت کام کر رہی ہے اور عنقریب اس طرح کے مزید اکنامک زونز کا بھی افتتاح کیا جائیگا جن میں چترال، ڈی آئی خان، حطار اور دیگر شامل ہیں۔ محمود خان نے مزید کہا کہ سی پیک منصوبے کے تحت صوبے کے فلیگ شپ پروجیکٹ رشکئی اکنامک زون کے قیام پر کام تیزی سے جاری ہے اور عنقریب وزیراعظم پاکستان خود قومی اہمیت کے حامل اس منصوبے کا افتتاح کریں گے جو پورے صوبے کی تقدیر کو بدل کر رکھ دے گا۔

محمود خان کا کہنا تھا کہ صنعت ، ہاؤسنگ، پن بجلی اور تعمیرات کے شعبوں کا فروغ موجودہ حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔ ان شعبوں میں نجی سرمایہ کاری کے ذریعے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button