لوئردیر کے خال بازار میں خوفناک آتشزدگی، 2 ہوٹل اور 8 دکانیں جل کر خاکستر
لوئردیر کے خال بازار میں خوفناک آتشزدگی سے دو ہوٹلوں سمیت 10 دکانیں جل کر راکھ کا ڈھیر بن گئیں، ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیموں نے کافی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔
آج صبح ساڑھے 5 بجے خال بازار میں گل ہوٹل میں اچانک گیس سلنڈر پھٹنے سے آگ بھڑک اٹھی اور آگ کی شدت اتنی تیزتھی کہ معمولی وقت میں آگ نے ساری مارکیٹ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جبکہ آگ کی اطلاع ملتے ہی علاقے کے عوام الخدمت فاونڈیشن کی گاڑی فائر بریگیڈ، ریسکیو 1122 اور سول ڈیفنس کے عملے نے پہنچ کر امدادی سرگرمیاں شروع کر کے کئی گھنٹوں کی سرتوڑ کوششوں و جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا اور خال بازار کو مزید تباہی سے بچا لیا گیا۔
خوفناک آتشزدگی سے تاجروں کا کروڑوں روپے کا نقصان ہوا ہے، متاثرہ تاجروں حاجی ملک رحیم سید، گل و دیگر نے حکومت سے پر زور مطالبہ کیا کہ متاثرہ تاجروں کی بھرپور مالی امداد کی جائے۔
امدادی کارروائیوں میں تاخیر
خال بازار میں آتشزدگی کی بروقت اطلاع دینے کے باوجود پولیس و سول انتظامیہ کے جائے وقوعہ پر نہ پہنچے کے خلاف خال بازار کی تاجر برادری نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور آئندہ پولیس کے ساتھ مکمل بائیکاٹ اور ان سے کسی قسم کا تعاون نہ کرنے کا اعلان کیا۔
اس موقع پر انجمن تاجران خال بازار صدر اخونزادہ حمید الرحمن، اخونزادہ فاضل سید، حاجی شاہ زرین، اخونزادہ تلاوت خان، عالم خان کا کہنا تھا کہ خال پولیس اور سول انتظامیہ کو بروقت اطلاع دی گئی تھی لیکن کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود خال پولیس اور سول انتظامیہ جائے حادثہ پر نہیں آئی جس پر ہمیں افسوس ہے اور انتظامیہ و پولیس کے اس رویہ کی تاجر برادری بھرپور مذمت کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خال میں مسلسل آتشزدگی کے واقعات رونما ہو رہے ہیں لہٰذا حکومت پوری طرح خال کیلئے الگ فائر بریگیڈ گاڑی کا بندوبست کرے، آتشزدگی سے تاجروں کا کروڑوں روپے کا نقصان ہوا ہے حکومت فوری طور پر متاثرہ تاجروں کی مالی مدد کرے۔
اہلکاروں میں کیش انعام تقسیم
خال خوفناک آتشزدگی میں بروقت امدادی سرگرمیاں شروع کرانے پر انجمن تاجران نے ریسکیو 1122، فائربریگیڈ اہلکاروں میں نقد انعامات تقسیم کئے جبکہ ان اداروں کے ساتھ ساتھ الخدمت فاونڈیشن سول ڈیفنس کے اہلکاروں کو بروقت امدادی سرگرمیاں شروع کرنے پر زبردست خراج تحسین پیش کیا اور خال تاجربرادری کی جانب سے ان کا شکریہ ادا کیا۔