سنٹرل جیل پشاور: قیدیوں سمیت 30 افراد کورونا وائرس کا شکار ہوگئے
کورونا وائرس سے سنٹرل جیل پشاور میں عمر قید ،سزائے موت پانے والے قیدیوں سمیت 30 افراد شکار ہو گئے ہیں۔ سنٹرل جیل پشاور میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے جس کے باعث جیل میں ایمرجنسی کی صورتحال نافذ کر دی گئی ہے۔
جیل خانہ جات ذرائع کے مطابق گزشتہ تین مہینوں سے ملاقاتوں پر پابندی کے باوجود جیل میں کورونا کیسوں میں اضافہ سوالیہ نشان بن گیا ہے۔
جیل خانہ جات ذرائع کے مطابق کورونا کے شکار ہونے والے قیدیوں میں عمر قید اور سزائے موت پانے والے پانچ قیدی بھی شامل ہیں جبکہ دیگر پچیس قیدی منشیات سمیت دیگر جرائم میں گرفتار کئے گئے ہیں۔
سنٹرل جیل پشاور سمیت صوبے بھر کی جیلوں میں کورونا وائرس کے باعث ایمرجنسی کی بنیادوں پر اقدامات شروع کئے گئے ہیں ۔سنٹرل جیل کے علاوہ مینٹل ہسپتال پشاور میں بھی حفاظتی اقدامات شروع کئے گئے ہیں تاکہ ذہنی مریض کورونا کا شکار نہ ہوں۔
دوسری جانب ملک میں کورونا سے مزید 77 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 4592 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 223779 تک پہنچ گئی۔
اب تک پنجاب میں کورونا سے 1819 اور سندھ میں 1459 افراد انتقال کرچکے ہیں جب کہ خیبر پختونخوا میں 1002 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ اسلام آباد میں 129، بلوچستان میں 122 ، آزاد کشمیر میں 33 اور گلگت بلتستان میں 28 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔