عامرتہکالی کیس: تشدد میں ملوث 2 سابقہ ایس ایچ اوز بھی گرفتار
پشاور پولیس نے عامرتہکالی تشدد کیس میں مبینہ طور ملوث 2 سابقہ ایس ایچ او ز کو بھی حراست میں لے لیا ہے دونوں گرفتار پولیس افسران کو کورونا کے باعث پولیس سروسز ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق گزشتہ روز پولیس نے مختلف کاروائیوں کے دوران تھانہ آغہ میر جانی شاہ کے سابق ایس ایچ او انسپکٹر عمران الدین اور تھانہ تہکال کے سابق ایس ایچ او سب انسپکٹر شہریار احمد خان کو حراست میں لیا ہے۔
پولیس کے مطابق دونوں ملزمان ایف آئی آر میں نامزد نہیں تھے تاہم اس کیس میں پہلے سے گرفتار اہلکاروں کے بیانات اور دیگر شواہد کے منظر عام پر آنے کے بعدپولیس نے ان کو حراست میں لینے کا فیصلہ کیا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مزکورہ دونوں پولیس افسران پہلے سے کورونا وائرس کے شکار ہیں جس کے باعث انہیں پولیس سروسز ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ایک طرف دونوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے تو دوسری جانب ان سے اس کیس سے متعلق تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: عامرتہکالی کو ہرحال میں پورا انصاف فراہم کیا جائے گا: اجمل وزیر
یاد رہے کہ چند روز قبل پولیس نے تہکال سے تعلق رکھنے والے زیر حراست ملزم عامرکو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا تھا اور اس کی نازیبہ ویڈیو بنائی تھی جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی جس کے بعد پولیس اپنے ہی اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا تھا جبکہ اس کیس میں پشاور ہائی کورٹ نے بھی سوموٹو ایکشن لیا ہے۔
واضح رہے چند دن پہلے عامرتاکالی کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں اس نے پولیس کے خلاف نازیبا زبان کا استعمال کیا تھا بعد میں ایک اور ویڈیو بھی وائرل ہوئی جس میں عامر تہکالی کو بے حجاب کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے، ذرائع کے مطابق عامرتہکالی پرتشدد بھی کیا گیا ہے۔
پشاور پولیس کی جانب سے شہری عامر تہکالی پر تشدد اور انکی برہنہ ویڈیو بنانے اور سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس کے خلاف ایک تحریک بھی شروع ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ ایس ایس پی آپریشنزپشاور ظہور بابر کو بھی عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔