بےضابطگیاں، مردان کی 20 سولرائزیشن سکیموں پر کام روک دیا گیا
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے بلدیات کامران بنگش نے لوکل گورنمنٹ مردان آفس کی جانب سے سولرائزیشن کی 20 سکیموں کے ٹینڈرنگ عمل میں غفلت برتنے پر تمام عملے کو اپنے عہدوں پر کام روکنے کی ہدایت کر دی۔
ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ خیبر پختونخوا کو ہدایات جاری کرتے ہوئے معاون خصوصی کامران بنگش نے کہا کہ محکمہ بلدیات میں موجود کالی بھیڑیوں کے خلاف عوامی شکایات پر بروقت کارروائی جاری رکھی جائے کیونکہ عوامی فلاح و بہبود کے کاموں میں کسی قسم کی کوتاہی برادشت نہیں کی جائے گی۔
لوکل گورنمنٹ آفس مردان میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کی سربراہی میں سولرائزیشن سکیموں میں کوتاہی برتنے پر معاون بلدیات نے کہا کہ متعلقہ اہلکاروں کو اپنے عہدوں سے ہٹانے کی ہدایات ڈی جی لوکل گورنمنٹ کو جاری کر دی گئی ہیں کیونکہ متعلقہ افسران کے متعلق ڈائریکٹر ٹیکنیکل محکمہ بلدیات نے انکوائری مکمل کی ہے۔
کامران بنگش کا کہنا تھا کہ ابتدائی انکوائری کے مطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے سولرائزیشن کے 20 سکیموں کی ٹینڈرنگ کی، قوائد و ضوابط کے برعکس ویب سائٹ پر خالی بل آف کوانٹیٹیز (بی ۔ او ۔ کیو) ڈالے گئے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ ٹینڈر کھولنے کی تاریخ بھی مقررہ تاریخ سے بدلی گئی، ٹینڈر 9 جون کے بجائے 8 جون کو کھولا گیا۔
معاون خصوصی نے مزید کہا کہ انکوائری رپورٹ کے مطابق متعلقہ سولرائزیشن پراجیکٹ کے لئے 8 کروڑ 58 لاکھ روپے کا ٹینڈر جاری کیا گیا تھا جبکہ متعلقہ افسران نے انکوائری کے دوران انکوائری افسران کو تسلی بخش جواب بھی نہیں دیئے۔
انہوں نے کہا ابتدائی انکوائری کی بنیاد پر تمام ملوث عملے کو او ایس ڈی بنا دیا گیا ہے جبکہ فائنل انکوائری کے بعد تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔