ارلی ایج پروگرامنگ، پشاور پریس کلب کے صحافیوں کے بچوں کیلئے خصوصی نشستوں کا اعلان
وزیراعلی خیبر پختونخوا کے مشیر برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ضیاء اللہ بنگش کی ہدایت پر کورونا صورتحال میں آن لائن کردہ آئی ٹی بورڈ کے ارلی ایج پروگرامنگ منصوبے میں پشاور پریس کلب کے صحافیوں کے بچوں کے لئے خصوصی نشستوں کا اعلان کیا گیا ہے۔
تفصیلات کےمطابق خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے موجودہ ایمرجنسی صورتحال کے پیش نظر بچوں کے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے میدان میں نشونما کے لئے شروع کردہ ارلی ایج پروگرامنگ کو آن لائن کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس پروگرام سے صوبے کے تمام بچے جو کلاس ششم ( 6) تا دہم (10) میں زیر تعلیم ہوں مستفید ہو سکتے ہیں تاہم وزیراعلی کے مشیر برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ضیاء اللہ بنگش کی دلچسپی پر اس پروگرام میں خصوصی طور پر صحافت کے شعبے سے وابستہ افراد کے بچوں کے لئے بھی سیٹیں مختص کی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:
پرائیویٹ سکول بند، خیبر پختونخوا کے 24 لاکھ بچے پڑھائی سے محروم
اس سلسلے میں گزشتہ روز ایم ڈی آئی ٹی بورڈ ڈاکٹر شہباز خان کی ہدایت پر پشاور پریس کلب میں خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے ارلی ایج پروگرام کے پراجیکٹ مینجر محمد ذیشان مظہر اور پشاور پریس کلب کے جنرل سیکرٹری عمران یوسفزئی، پریس کلب کیپسٹی بلڈنگ کمیٹی کے چئیرمین ذیشان انور کے مابین ایک ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں پریس کلب کے عہدیداروں نے اس فیصلے کا خیرمقدم کیا۔
منصوبے کے تحت داخلہ حاصل کرنے والے بچوں کو تین ہفتوں کی آن لائن تربیت دی جائے گی جس میں ان کو کمپیوٹر پروگرامنگ کی آن لائن تعلیم دی جائے گی۔
ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ ابتدائی طور پر تیس بچوں کو پہلے مرحلے میں تربیت دی جائے گی جبکہ باقی رہ جانےوالے بچوں کو دوسرے اور تیسرے مرحلے میں شامل کیا جائے گا۔
اس موقع پر پراجیکٹ منیجر ذیشان مظہر کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کے تحت آئی ٹی بورڈ ہر سال صوبے کے سرکاری سکولوں میں پڑھنے والے بچوں کو ویب سائٹ، گیمز اور اینمیٹڈ کارٹون بنانے سمیت دیگر سافٹ وئیر بنانے کی تربیت دیتا ہے، اس پروگرام کے ہونہار بچے بین الاقومی سطح پر نام کما چکے ہیں۔
اس موقع پر وزیراعلی خیبر پختونخوا کے مشیر برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ضیاء اللہ بنگش نے اپنے ایک پیغام اس پروگرام کو پشاور پریس کلب کے صحافیوں کے بچوں کے لئے ایک اہم اور منفرد پروگرام قرار دیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ کورونا صورتحال کے دوران بچے گھروں میں رہ کر اس پروگرام سے مستفید ہوسکتے ہیں۔ ضیاء اللہ بنگش کا مزید کہنا تھا کہ ڈاکٹر شہباز خان کی قیادت میں آئی ٹی بورڈ کے منصوبے قابل تعریف ہیں۔
انہوں ارلی ایج پروگرامنگ کے دائرے کو مزید وسعت دینے کی ہدایت بھی کی۔ یاد رہے کہ اس پروگرام میں رجسٹریشن کی آخری تاریخ 5 جون ہے۔ آن لائن فارم ارلی ایج پروگرامنگ کے ویب سائٹ پر پُر کی جاسکتی ہے یا پشاور پریس کلب کے ذریعے بچوں کے کوائف آئی ٹی بورڈ تک پہنچائی جاسکتی ہیں۔