خیبر پختونخوا

پشاور کے تین دوستوں کا پشاور زلمی سے محبت کا انوکھا انداز

عثمان خان

پاکستان سپرلیگ رواں ماہ کی 20 تاریخ کو شروع ہو رہی ہے اور تمام ٹیموں نے اپنی پذیرائی اور مشہوری کیلئے خوب تیاری پکڑی ہے، سوشل میڈیا ہو یا پرنٹ الیکٹرانک میڈیا ہر طرف پی ایس ایل کے چرچے نظروں سے گزر رہے ہیں۔

پی ایس ایل کی اسی دھوم دھام میں پشاور سے تعلق رکھنے والے تین دوستوں نے پشاور زلمی ٹیم سے محبت کا اظہار بہت انوکھے انداز سے اختیار کیا ہے، محمد احمد ہمدر اور ان کے دو ساتھی امجد خان اور دولت خان شہر کے مختلف علاقوں میں زلمی ٹیم کیلئے خوب صورت اور دیدہ زیب انداز میں دیواروں پر پینٹنگز کرتے ہیں۔

محمد احمد ہمدرد پیشے کے لحاظ سے پینٹر، امجد خان رنگ ساز جبکہ دولت خان رکشہ ڈرائیور ہیں۔

 

ٹی این این کے ساتھ گفتگو میں احمد ہمدر نے بتایا کہ یہ کام انہوں نے پچھلے سال بھی کیا تھا لیکن اتنی پذیرائی نہیں ملی تھی تاہم رواں سال سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر تشہیر کی وجہ سے وہ مشہور ہو گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس کام کا ایک ہی مقصد ہے اور وہ اپنی پسندیدہ ٹیم پشاور زلمی سے اظہار محبت ہے، ہمارے جیسے غریب لوگوں کے بس میں یہی ہے کہ اپنے فن کے ذریعے ان کیلئے دیواروں پر پینٹنگز بنائیں۔

ہمدر کہتے ہیں کہ جو پینٹنگز ہم دیوار پر بناتے ہیں تو وہاں پر اپنا موبائل نمبر بھی لکھ دیتے ہیں جس پر لوگ ہم سے رابطہ کرتے ہیں اور ہم وہاں جاکر مفت میں ان کی گلی یا محلے میں زلمٰی ٹیم کیلئے پینٹنگ کرتے ہیں۔

ان کے مطابق کام پر جتنا خرچہ آتا ہے ہم تینوں دوست اپنی جیب سے ادا کرتے ہیں، دولت خان کا رکشہ استعمال ہوتا ہے اور میں اور امجد باقی کام کرتے ہیں۔

تینوں دوستوں کی ٹیم نے پشاور کے علاقے کوہاٹ روڈ پر بیس کے قریب دیواروں پر زلمی کیلئے پینٹنگ کی ہے اور اس کے علاوہ ضلع بنوں او درہ آدم خیل میں ان کے دوست ہیں، وہاں بھی گئے تھے اور اس علاقے میں اپنا ہنر دیواروں پر نقش کیا ہے پشاور زلمی ٹیم کے فینز کیلئے۔

محمد احمد ہمدرد پیشے کے لحاظ سے پینٹر ہیں اور شہر کے سکولوں، کالجوں کیلے مختلف علاقوں میں دیواروں پر لکھائی کرتے ہیں اور یہی ان کی کمائی کا ذریعہ ہے، سکول کالجوں کے کام سے جو رنگ بچ جاتا ہے تو وہ اس کمپین میں استعمال کرتے اور باقی اپنی کمائی کے حصے سے رنگ وغیرہ خریدتے ہیں۔

 

دولت خان کہتے ہیں کہ اول روز سے پشاور زلمی ٹیم کا فین ہوں جہاں سے بھی ٹیلی فون کال آتی ہے میں اپنے دونوں دوستوں کو وہاں پہنچاتا ہوں کیونکہ جاوید آفریدی اور ڈیرن سیمی سے مجھے بہت پیار ہے۔

احمد ہمدر نے ٹی این این کو بتایا کہ پشاور زلمی ٹیم کیلئے ہماری طرف سے یہ چھوٹا تحفہ، کہتے ہیں کہ پی ایس ایل کے میچز دیکھنے پنڈی اور لاہور جائیں گے۔

تینوں دوستوں نے بتایا کہ زلمی ٹیم کی انتظامیہ ہم سے رابطہ کرے اور اس مثبت کام میں ہمارا ہاتھ بٹائے اور اس کے علاوہ ہماری خواہش ہے کہ زلمی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں سے ملاقات کریں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button