کابل ایئرپورٹ پر فائرنگ، ایک افغان سکیورٹی اہلکار کے ہلاک ہونے کی اطلاع
کابل ایئرپورٹ پر افغان سیکیورٹی اہلکاروں اور نامعلوم افراد میں فائرنگ کے تبادلے میں ایک افغان سکیورٹی اہلکار ہلاک اور تین زخمی ہوگئے۔
جرمن فوج نے ٹوئٹ میں دعوی کیا ہے کہ کابل ایئرپورٹ کے شمالی گیٹ پر افغان سکیورٹی فورسز اور نامعلوم حملہ آوروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے۔ فائرنگ میں امریکی اور جرمن افواج بھی شامل تھیں، جرمن فوج کے مطابق ان کی فوج کا کوئی رکن زخمی نہیں ہوا ہے۔
دوسری جانب طالبان نے کابل کی سڑکوں پر کھڑی رکاوٹوں کو ہٹانا شروع کردیا ہے، کابل بلدیہ کے اہلکاروں نے وزارت دفاع کے سامنے کھڑی رکاوٹوں کو ہٹا دیا ہے۔
افغان میڈیا کے مطابق رکاوٹوں سے شہریوں کو شدید ٹریفک مسائل کا سامنا تھا، حکومت نے رکاوٹیں کھڑی کرکے اراکین پارلیمنٹ، وزرا، کمانڈروں اور غیر ملکی سفارت خانوں کو محفوظ بنایا تھا۔ یہ اقدام سب سے پہلے مشرقی صوبہ ننگرہار کے جلال آباد شہر میں کیا گیا جب طالبان نے صوبے پر قبضہ کیا تھا.