‘کینیڈا میں پاکستانی فیملی کو کچلنے کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے’
کینیڈا کے شہر اونٹاریو میں قتل کیے جانے والے پاکستانی خاندان کی یاد میں اجتماع ہوا جس میں کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو، میئر اونٹاریو اور اپوزیشن لیڈروں سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
اس موقع پر اونٹاریو کے میئر نے کہا کہ پاکستانی فیملی کو کچلنے کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، دنیا کےمختلف ممالک سے لوگ یہاں آباد ہیں اور لندن اونٹاریو جس طرح ہمارا گھرہے، اسی طرح ان کا گھر ہے، لوگ یہاں خود کومحفوظ سمجھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس واقعے سے پورے ملک کو صدمہ پہنچا، متاثرہ خاندان اور مسلم کمیونٹی کے ساتھ ہیں، اونٹاریو محفوظ شہر ہے اور یہاں پہلی مرتبہ ایسا واقعہ پیش آیا، اس واقعے سے شہر نے اپنی معصومیت کھودی ہے۔
رکن پارلیمنٹ خالد خورشید نے اس موقع پر کہا کہ اونٹاریو کے شہریوں کے لیے دکھ کا دن ہے، ہمیں اسلاموفوبیا پر بہت کام کرنا ہے، کینیڈا میں نفرت انگیزی پنپ رہی ہے اور ہمیں اس سےلڑنا ہے، نفرت کے خلاف تمام کمیونیٹیز کو آگے آنا ہوگا، معاشرےسے نفرت کو ختم کرنے میں کامیاب ہوں گے۔
یاد رہے گزشتہ روز کینیڈا میں دہشتگرد نے پاکستانی خاندان کے 4 افرادکو ٹرک تلے روند ڈالا تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ کینیڈا کےشہر لندن اونٹاریو میں پیش آیا جس میں جاں بحق افراد میں ایک مرد، دو خواتین اور ایک بچی بھی شامل ہے جب کہ واقعے میں ایک کمسن زخمی ہوا۔
جاں بحق افراد میں عمر رسیدہ ماں، فزیوتھراپسٹ بیٹاسلمان، بہو اور کمسن پوتی جاں بحق ہوئی جب کہ 9 برس کا پوتا شدید زخمی ہوا۔ لاہور سے تعلق رکھنے والے خاندان کو ٹرک سے روندنے والا دہشتگرد مذہبی تعصب میں مبتلا تھا جسے پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔