بین الاقوامی
مکہ: مسجد الحرام میں منبر تک پہنچنے کی کوشش کرنے والا شخص گرفتار
سعودی عرب میں مکہ مکرمہ پولیس نے مسجد الحرام میں نماز جمعہ کے خطبے کے دوران منبر تک پہنچنے کی کوشش کرنے والے ایک شخص کو گرفتار کیا ہے۔
سعودی گیزٹ نے پولیس کے میڈیا ترجمان کے حوالے سے بتایا زیرحراست شخص کے خلاف قانونی کارروائی مکمل کی جا رہی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بیان میں واقعہ کی تفصیل نہیں بتائی گئی۔ حرمین شریفین کے ٹوئٹر اکاونٹ پر جاری ویڈیو کلپ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شخص نے مطاف کے صحن میں خطبے کے دوران تیزی سے منبر کی طرف پہنچنے کی کوشش کی تاہم وہاں تعینات سیکیورٹی اہلکاروں نے یہ فورا ہی کوشش ناکام بنادی اور اسے حراست میں لے لیا۔
سعودی میڈیا العربیہ نیٹ کے مطابق اس دوران مسجد الحرام کے امام و خطیب شیخ ڈاکٹر بندر بلیلہ جمعے کا خطبہ دیتے رہے اور انہوں نے جمعے کی نماز پڑھائی۔