بین الاقوامی

ترکی میں 7.0 شدت کا زلزلہ، 4 افراد جاں بحق، متعدد عمارتیں منہدم

ترکی میں آنے والے 7.0 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں متعدد عمارتیں منہدم ہو گئیں جبکہ اب تک 4 افراد کے جاں بحق اور 120 کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہو چکی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلہ ترک شہر ازمیر کے گردو نواح میں آیا جس کے جھٹکے یونان، بلغاریہ اور مصر تک محسوس کیے گئے، زلزلے کی شدت امریکی ریکٹر سکیل کے مطابق 7.0 ریکارڈ کی گئی۔

زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی ترکی کے ساحلی شہر ازمیر میں لوگ گھروں سے باہر نکل آئے  جبکہ شہر کے وسطی علاقے میں ایک عمارت بھی منہدم ہو گئی جبکہ مجموعی طور پر 6 عمارتوں کے گرنے کی اطلاعات ہیں، اب تک ملبے تلے دبے 72 افراد کو زندہ نکالا جا چکا ہے۔

ترکی کے ڈزاسٹر منیجمنٹ پریزیڈنسی نے زلزلے کی شدت 6.6 بتائی ہے جبکہ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق شدت 7.0 تھی۔

مقامی میڈیا کے مطابق زلزلے کا مرکز ازمیر صوبے سے سمندر کی طرف 17 کلو میٹر دور  تھا اور اس کی گہرائی 16 کلو میٹر تھی جبکہ امریکی جیولوجیکل سروے نے زلزلے کی گہرائی 10 کلومیٹر بتائی ہے اور مرکز ترکی کے ساحل سے سمندر کی جانب 33.5 کلومیٹر دور بتایا ہے۔

زلزلے کے بعد ازمر اور بحیرہ ایجیئن کے ساحل سے متصل علاقوں میں سمندر کا پانی رہائشی علاقوں میں داخل ہو گیا۔

جزیرہ ساموس کے رہائشیوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ساحلی علاقوں سے دور رہیں کیوں کہ زلزلے کے نتیجے میں اونچی لہریں اٹھنے کا بھی خدشہ ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button