آذربائیجان اور آرمینیا نے جنگ بندی کا اعلان کر دیا
آرا بائیجان اور آرمینیا نے مذاکرات پر اتفاق کرتے ہوئے جنگ بندی کا اعلان کر دیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق آرمینیا اور آذربائیجان کے سفارت کاروں نے روسی وزیر خارجہ سرجی لیوروو کی سربراہی میں 10 گھنٹے کی بات چیت کے بعد جنگ بندی اور بامعنی مذاکرات پر اتفاق کیا جس کے بعد روس کے وزیر خارجہ نے اعلان کیا کہ آج دن 12 بجے سے سیز فائر پر عمل درآمد شروع ہو جائے گا۔
روسی وزیر خارجہ کے مطابق دوپہر 12 بجے کے بعد عملاً سیز فائر کے دوران دونوں ممالک قیدیوں اور لاشوں کا تبادلہ کریں گے، اس عمل کی تکمیل کے بعد متنازعہ علاقے نگورنو کاراباخ کے تصفیے کے لیے باضابطہ مذاکرات شروع ہوں گے۔
گزشتہ روز روسی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ آرمینیا اور آزربائیجان نے صدر ولادی میر پوتن کی اپیل پر جنگ بندی کے لیے مذاکرات پر رضامندی ظاہر کی ہے۔
واضح رہے کہ آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان جنگ اس وقت چھڑی تھی جب آرمینیا نے آذربائیجان کے سرحدی علاقے ناگورنو قاراباخ پر حملہ کر دیا تھا۔
27 ستمبر سے دونوں ممالک کے درمیان ہونے والی فوجی جھڑپوں میں 300 سے زیادہ افراد ہلاک اور 500 سے زائد زخمی ہوئے جب کہ ہزاروں افراد نقل مکانی کرنے پر مجبور ہو گئے۔
یہ بھی خیال رہے کہ پاکستان نے آذربائیجان میں آرمینیا کے خلاف پاکستانی فوج کے لڑنے کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیا تھا، ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ آذربائیجان میں آرمینیا کے خلاف پاکستانی فوج کے لڑنے کی رپورٹس اور اطلاعات انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہیں۔