بین الاقوامی

طالبان کے مزید 2 ہزار قیدی جلد رہا کردیں گے، افغان صدر

افغان صدر اشرف غنی نے کہا ہے کہ طالبان کے مزید 2 ہزار قیدیوں کی رہائی کا عمل جلد مکمل کرلیا جائے گا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق واشنگٹن میں قائم تھنک ٹینک سے ورچوئل خطاب میں انہوں نے کہا کہ طالبان بھی واضح کریں کہ وہ تمام قیدیوں کو رہا کریں گے۔

اشرف غنی نے کہا کہ وہ قطر میں طالبان سے مذاکرات کرنے پر تیار ہیں۔یاد رہے کہ امریکا اور طالبان کے درمیان رواں سال فروری میں امن معاہدہ ہوا تھا جس کے تحت افغان حکومت کو 5 ہزار طالبان قیدی رہا کرنے ہیں، افغان حکومت اب تک 3 ہزار قیدی رہا کر چکی ہے۔

واضح رہے 9 جون کو آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ ایک روزہ دورے پرافغانستان گئے تھے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ایک روزہ دورے پر افغانستان پہنچے جہاں انہوں نے افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف اور افغان صدر کی ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات، بارڈر مینجمنٹ سے متعلق معاملات اور افغان مفاہمتی عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر آرمی چیف کے ہمراہ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی موجود تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق افغانستان کے لیے پاکستان کے نمائندہ خصوصی محمد صادق بھی آرمی چیف کے ساتھ افغانستان گئے تھے۔

اس سے ایک روز پہلے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے بھی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سےملاقات کی تھی جس میں افغان مفاہمتی عمل اور پاک افغان بارڈر مینجمنٹ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button