بین الاقوامی

آرمی چیف کا ایک روزہ دورہ افغانستان، اشرف غنی سے ملاقات

آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ ایک روزہ دورے پرافغانستان پہنچ گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ایک روزہ دورے پر افغانستان پہنچے ہیں جہاں انہوں نے افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف اور افغان صدر کی ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات، بارڈر مینجمنٹ سے متعلق معاملات اور افغان مفاہمتی عمل پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر آرمی چیف کے ہمراہ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی موجود تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق افغانستان کے لیے پاکستان کے نمائندہ خصوصی محمد صادق بھی آرمی چیف کے ساتھ افغانستان گئے ہیں۔

یاد رہے گزشتہ روز امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے بھی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سےملاقات کی تھی جس میں افغان مفاہمتی عمل اور پاک افغان بارڈر مینجمنٹ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

ملاقات میں افغان امن عمل میں اٹھائے گئے اقدامات سے متعلق آگاہ کیا گیا جبکہ مشترکہ اہداف کے حصول کیلیےمل کر کام جاری رکھنے پربھی اتفاق کیا گیا۔

خیال رہے رواں سال فروری کے اختتام پر امریکا اور طالبان کے درمیان تاریخی معاہدے پر دستخط ہوئے تھے، امن معاہدہ 4نکات پر مشتمل تھا، معاہدے کے مطابق امریکا14ماہ میں افغانستان سے تمام فوجی واپس بلالے گا، افغان سرزمین امریکا اور اتحادیوں پر حملے کے لیے استعمال نہیں ہوگی۔

مشترکہ اعلامیے کے مطابق امریکا افغانستان کی علاقائی سالمیت کیخلاف طاقت کے استعمال سے بھی باز رہے گا، امریکا معاہدے کے 135دن کے اندر فوجیوں کی تعداد 8600 تک لائے گا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button