بین الاقوامی

مسجد نبوی آج سے عام نمازیوں کے لیے کھول دی گئی

خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی اجازت سے آج سے مسجد نبوی ﷺ عام نمازیوں کیلئے کھول دی گئی ہے۔ کورونا وبا کے باعث بند کیے جانے کے تقریباً ڈھائی ماہ بعد مسجد نبوی ﷺ نمازیوں کے لیے کھول دی گئی ہے۔

مسجد نبوی سے آنے والی آج فجر کی اذان معمول سے ہٹ کر تھی، اذان سے پہلے ہی نمازی جوق در جوق مسجد پہنچے جہاں طبی عملے نے مسجد میں داخلے سے پہلے نمازیوں کا درجہ حرارت چیک کیا۔ حفاظتی انتظامات کے تحت مسجد کی مجموعی گنجائش کے مطابق 40 فی صد نمازیوں کو داخلے کی اجازت ہے۔

مسجد نبوی ﷺ کی انتظامیہ کی جانب سے نمازیوں کو ایک دوسرے سے فاصلہ رکھنے، جائےنماز ساتھ لانے اور وضو گھر سے کرکے آنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ مسجد نبوی ﷺ کے ساتھ آج سے سعودی عرب کے دوسرے شہروں کی مساجد میں بھی نماز کی باجماعت ادائیگی شروع ہو گئی ہے لیکن مسجد الحرام کو اب تک عام نمازیوں کے لیے نہیں کھولا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ میں نماز تراویح 10 رکعت تک محدود 

مسجدالحرام اور مسجد نبوی کھولنے کا اعلان

واضح رہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر سعودی حکومت نے پورے ملک میں لاک ڈاؤن کرتے ہوئے خانہ کعبہ اور مسجد نبوی ﷺ سمیت تمام مساجد میں باجماعت نمازوں کی ادائیگی اور نمازیوں کے داخلے پر پابندی عائد دی تھی۔

اب سعودی حکومت نے 31 مئی سے لاک ڈاؤن میں نرمی کا اعلان کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر کے ساتھ دفاتر کھولنے کی اجازت دی ہے جب کہ سعودی حکومت نے ملک بھر کی 90 ہزار مساجد میں جراثیم کش سپرے بھی کروائے ہیں۔

ادھر دو ماہ کی بندش کے بعد مقبو ضہ بیت المقدس میں مسجد اقصی نمازیوں کے لیے کھول دی گئی، جہاں کورونا وبا سے بچاؤ کے لیے نمازیوں کو ماسک پہننا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔ کورونا وبا کے باعث مارچ میں مسجد اقصی ٰ نمازیوں کے لیے بند کی گئی تھی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button