افغان طالبان امریکا سے تاریخی معاہدے پرعمل کے لیے پرعزم
افغان طالبان کے سربراہ ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ نے کہا ہے کہ ان کی تنظیم امریکا سے تاریخی معاہدے پر عمل کے لیے پرعزم ہے۔ غیرملکی ایجنسی کے مطابق رمضان المبارک کے اختتام پر اپنے پیغام میں ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ نے یہ بھی کہا کہ امریکا اور دوسرے فریق بھی افغانستان میں امن کے لیے اپنے وعدوں اور معاہدوں کی پاسداری کریں۔
ملا ہیبت اللہ کا کہنا تھا کہ افغان طالبان امریکا کے ساتھ تاریخی معاہدے پر عمل درآمد کے لیے پرعزم ہیں، واشنگٹن بھی خطے میں امن کے لیے یہ موقع ضائع نہ کرے، امریکی حکام کسی کو اس معاہدے میں رکاوٹ ڈالنے یا موقع ضائع کرنے کی اجازت نہ دیں۔
دوسری جانب افغانستان کے لیے امریکا کے خصوصی نمائندے زلمے خلیل زاد کا کہنا ہے انھوں نے قطر میں طالبان مذاکراتی وفد کے سربراہ ملابرادر سے ملاقات کی اور وہ بھی معاہدے پر عمل درآمد کے لیے پرعزم ہیں۔
ایک بیان میں زلمے خلیل زاد نے بتایا کہ انھوں نے طالبان پر واضح کردیا ہے کہ افغانستان میں پرتشدد کارروائیاں اب رک جانی چاہییں۔