دنیا بھر میں آزادی صحافت کا عالمی دن آج منایا جائے گا
پاکستان سمیت دنیا بھر میں آزادی صحافت کا عالمی دن ”ورلڈ پریس فریڈم ڈے” آج (3 مئی اتوار کو) ملک بھر میں سادگی سے منایا جائے گا جبکہ کورونا وائرس کے خدشات کے پیش نظر جاری لاک ڈائون کے سبب کوئی اہم تقریب یا ریلی منعقد نہ ہو سکے گی۔
آزادی صحافت کا عالمی دن منانے کا مقصد پیشہ وارانہ فرائض کی بجا آوری کیلئے پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کو درپیش مشکلات، مسائل، دھمکی آمیز رویہ اور صحافیوں کی زندگیوں کو درپیش خطرات کے متعلق قوم اور دنیا کو آگاہ کرنا ہے۔
اس دن کے منانے کا مقصد سوسائٹی کو یہ یاد دلانا بھی ہے کہ عوام کو حقائق پر مبنی خبریں مہیا کرنے کیلئے کتنے ہی صحافی اس دنیا سے چلے گئے اور لاتعداد پس دیوار زنداں ہیں۔
”ورلڈ پریس فریڈم ڈے” ہر سال 3 مئی کو دنیا بھر کی طرح ملک بھر میں منایا جاتا ہے، اس دن کا آغاز 1993ء سے ہوا تھا اور اس دن کی باقاعدہ منظوری اقوام متحدہ کے ادارے جنرل اسمبلی نے دی تھی۔