بین الاقوامی

پاکستانی خاتون ڈاکٹر برطانیہ میں کورونا سے جاں بحق

برطانیہ میں کورونا وائرس کا مقابلہ کرتے ہوئے ایک اور  پاکستانی  ڈاکٹر میمونہ رعنا انتقال کرگئیں۔ میمونہ رعنا پہلی پاکستانی خاتون ڈاکٹر ہیں جنہوں نے نیشنل ہیلتھ  سروس برطانیہ کی جانب سے کورونا وائرس کے خلاف جنگ لڑتے ہوئے جان دی۔

 ان سے قبل 2 پاکستانی ڈاکٹر ناصر خان اور ڈاکٹر حبیب زیدی بھی کورونا کے خلاف جنگ میں اپنی جان قربان کرچکے ہیں۔ 48 سالہ ڈاکٹر میمونہ کا تعلق لاہور سے تھا اور وہ 15 برسوں سے مشرقی لندن میں اپنے شوہر ڈاکٹر عظیم قریشی کے ہمراہ رہائش پذیر تھیں، دونوں کی ایک 8 سالہ بیٹی بھی ہے۔

ڈاکٹر میمونہ کے شوہر  ڈاکٹر عظیم قریشی نے اپنی اہلیہ کی کورونا وائرس سے موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی اہلیہ میں 8 اپریل کو کورونا کی علامات ظاہر ہوئی تھیں۔  ٹیسٹ کرانے پر دونوں میاں بیوی میں کورونا کی تصدیق ہوئی تھی ، 11 اپریل کو طبیعت بگڑنے پر ڈاکٹر میمونہ کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ 16 اپریل کو انتقال کرگئیں۔

 ڈاکٹر عظیم قریشی کا کہنا ہے کہ میمونہ اپنی شائستگی، ذہانت اور منفرد انداز کے سبب ہمیشہ یادوں کا حصہ رہیں گی، وہ پیار کرنے والی اہلیہ اور شفیق ماں تھیں، ان کے انتقال پر خاندان کے افراد ہی نہیں بلکہ تمام جاننے والے افراد غم سے نڈھال ہیں۔

خیال رہے کہ برطانیہ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد  ایک لاکھ 61 ہزار ہوچکی ہے جب کہ 21 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ برطانیہ میں کورونا کا شکار ہونے والوں میں 100 سے زائد ڈاکٹر اور طبی عملے کے دیگر افراد  شامل ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button