بین الاقوامی

عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں صفر سے بھی نیچے، خریدار کو تیل کے ساتھ ڈالر بھی ملیں گے

عالمی منڈی میں  امریکی خام تیل کی قیمتیں تاریخ کے کم ترین سطح پر آکر صفر سے بھی نیچے چلی گئیں۔

پیر کے روز  امریکا میں تیل ذخیرہ کرنے کی گنجائش تیزی سے ختم ہونے کی خبروں کے بعد قیمتوں میں شدید مندی دیکھی گئی  اور ایک دن کے دوران 37.63 ڈالر فی بیرل کی کمی ہوئی  جو کہ 1983 کے بعد سے کم ترین سطح ہے۔

امریکی خام تیل کی قیمتیں اس وقت منفی 37 ڈالر فی بیرل ہیں جس کا مطلب ہے فروخت کنندہ خریدار کو ایک بیرل تیل کے ساتھ 37 ڈالر بھی دیں گے۔

کینیڈین خام تیل کی  قیمت  بھی ایک ڈالر فی بیرل سے کم ہوگئی ہے جس کے بعد کینیڈا میں تیل کی پیداوار بند کرنے کا سلسلہ شروع ہوگیاہے۔

خیال رہے کہ رواں سال جنوری سے دنیا بھر میں کورونا بحران کے باعث طلب میں کمی کی وجہ سے تیل کی قیمتیں مسلسل گراوٹ کا شکار ہیں.

گذشتہ دنوں تیل پیدا کرنے والے بڑے ممالک سعودی عرب اور روس کے درمیان تیل کی پیداوار میں کمی کا معاہدہ ہوا تھا جس کے تحت تیل کی قیمتوں میں استحکام کے لیے تیل کی پیداوار میں کمی کرنا ہے۔

معاہدے کی خبریں سامنے آنے کے بعد تیل کی قیمتوں میں  اضافہ بھی دیکھنے میں آیا تھا تاہم تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اب بھی پیداوار طلب سے زیادہ ہے۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button