‘ہم ہار نہیں مانیں گے’ کرکٹر ڈی جے براوو کا کورونا پر نیا گانا ریلیز
‘چیمپئین’ گانے سے شہرت پانے والے ویسٹ انڈین کرکٹر و گلوکار ڈیون براوو نے کرونا وائرس کے حوالے سے نیا گانا ریلیز کردیا ہے جسے شائقین کی جانب سے پسند کیا جا رہا ہے۔
ڈی جے براوو کے نام سے جانے والے کرکٹر و موسیقار نے 26 مارچ کو’ وی ناٹ گیونگ اپ’ ( ہم ہار نہیں مانیں گے) ریلیز کیا اور محض تین دن میں ان کے اسی گانے کو دنیا بھر میں ہزاروں افراد دیکھ چکے ہیں جب کہ ان کے گانے کو سوشل میڈیا پر شیئر بھی کیا جا رہا ہے۔
منفرد انداز میں گائے گئے گانے میں ڈی جے براوو لوگوں کو بتاتے نظر آتے ہیں کہ کورونا وائرس ہندو، مسلمان، مسیحی اور دیگر مذاہب والے افراد کو بھی یکساں طور پر متاثر کر رہا ہے جب کہ یہ وبا آسٹریلیا، امریکا، بھارت و برطانیہ سمیت تمام دنیا میں یکساں طور پر پھیل رہی ہے۔
ڈی جے براوو گانے میں لوگوں کو کورونا وائرس سے بچنے اور احتیاط کرنے کی ہدایات کرتے سنائی دے رہے ہیں۔
گانے کی خاص بات ڈی جے براوو کا منفرد انداز ہے اور وہ کورونا سے متعلق مذکورہ گانے میں بھی اپنے پرانے ہی انداز میں رقص کرکے پرفارمنس کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔