کعبہ شریف، مسجد نبویؐ میں جمعہ اور پنجگانہ نماز پر مکمل پابندی عائد
سعودی حکام نے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے حفاظتی اقدامات کے تحت حرمین شریفین (مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ) کے اندرونی اور بیرونی حصے میں پنجگانہ نماز اور نماز جمعہ کی ادائیگی پر مکمل پابندی عائد کردی۔
سعودی حکام نے باقی مساجد میں جمعہ اور پنجگانہ نمازوں پر پہلے ہی سے پابندی عائد کر دی تھی۔
عرب خبر رساں ادارے الجزیرہ کے مطابق سعودی حکام نےنئے اقدامات کے تحت مسجد نبویؐ اور مسجد الحرام کے اندر اور باہر پنجگانہ نمازوں اور نماز جمعہ پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے اور نمازیوں کو مساجد میں داخلے سے بھی روک دیا گیا ہے۔
مسجد نبویؐ کی انتظامیہ کی جانب سے مسجد کے دروازے بند کردیے گئے ہیں اور صرف چند متعلقہ حکام کو مسجد کے کمپاؤنڈ تک جانے کی اجازت ہوگی۔
مسجد الحرام کی انتظامیہ نے اعلان کیا ہےکہ سیکیورٹی اور صحت کے حکام نے مسجد الحرام کے بیرونی حصے میں موجود اسکوائر میں بھی نمازیوں کی موجودگی پر پابندی عائد کی ہے جب کہ مسجد نبویؐ میں بھی کل سے اس پابندی کا اطلاق ہوگا۔
سعودی حکام نے اس سے قبل وائرس سے بچاؤ کے لیے خانہ کعبہ کے اطراف اسپرے کے لیے مطاف خالی کرایا تھا اور طواف کے عمل کو روک دیا گیا تھا جب کہ بعد میں مطاف کو زائرین کے لیے کھولا گیا تو انہیں کعبہ کے قریب جانے کی اجازت نہیں دی گئی اور اس کے گرد حفاظتی ڈھانچہ لگایا گیا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل متحدہ عرب امارات اور ترکی بھی باجماعت نمازوں پر پابندی عائد کرچکے ہیں جب کہ ایران میں نماز جمعہ کی ادائیگی روک دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں جمعرات کے روز کورونا وائرس کے مزید 36 کیسز سامنے آئے جس کے بعد ملک بھر میں تعداد 274 ہو چکی ہے تاہم اب تک کسی ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی۔