بین الاقوامی

کورونا وائرس کا خدشہ، صدیوں بعد طواف کا عمل رکنے کی اطلاعات

سعودی عرب نے بدھ کو ایک اور شہری کے کورونا وائرس کا شکار ہونے کی تصدیق کی ہے جبکہ کورونا وائرس کی روک تھام کے پیش نظر اپنے شہریوں کی عمرہ ادائیگی پر بھی پابندی لگا دی ہے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق سعودی عرب نے دیگر ممالک کے عمرہ زائرین پر پابندی کے بعد اب اپنے مقامی شہریوں کی عمرہ ادائیگی پر بھی عارضی طور پر پابندی لگا دی ہے جس کے باعث پہلی مرتبہ طواف کا عمل رکنے کی اطلاعات ہیں۔

دوسری جانب سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر ایک ویڈیو بھی وائرل ہو گئی ہے جس میں صفا مروۃ کو مکمل طور پر خالی دیکھا جا سکتا ہے۔

دوسری جانب سعودی حکام کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے سعودی شہریوں اور غیر ملکیوں کے عمرہ کرنے سمیت مسجد نبوی آمد پر بھی پابندی لگائی گئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق مقامی افراد پر پابندی عارضی طور پر لگائی گئی جوصورتحال میں بہتری آنے پر فوری طور پر ہٹا دی جائے گی۔

اُدھر کورونا وائرس سے متاثرہ شخص بحرین کے راستے ایران سے حال ہی میں مملکت میں لوٹا ہے اور حکام نے اس کا سراغ لگا لیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عرب کی وزارتِ صحت نے ایک بیان میں کہا کہ نئے کرونا وائرس کا شکار ہونے والے اس سعودی مرد نے بحرین کے ساتھ واقع سرحدی گذرگاہ سے مملکت میں داخلے کے وقت اپنے ایران کے حالیہ سفر کو افشا نہیں کیا تھا اور اس کی معلومات چھپائی تھیں۔

وزارت صحت کے مطابق اس شخص نے بھی سعودی عرب میں کرونا وائرس کے پہلے مریض کے ساتھ ایران کا سفر کیا تھا اور پھر اس کے ساتھ ہی بحرین کے راستے وطن لوٹا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:

ماسک کورونا وائرس کے مریض کیلئے ضروری ہے، ہر کسی کیلئے نہیں

کورونا وائرس، ملازمین بغلگیر ہوں نہ ہاتھ ملائیں، پشاور ہائیکورٹ

کورونا کا خطرہ ،پاک افغان چمن بارڈر ایک ہفتے کیلئے بند

وزارت صحت نے گذشتہ سوموار کو کرونا وائرس کے اس پہلے کیس کی اطلاع دی تھی۔ وزارتِ صحت نے اپنے بیان میں مملکت میں مقیم ہر کسی کو یہ یقین دہانی کرائی کہ صورت حال کنٹرول میں ہے۔

ان دونوں متاثرہ افراد کو ایک ہسپتال میں الگ تھلگ رکھا جا رہا ہے اور انھیں منظور شدہ طریق کار کے مطابق طبی خدمات مہیا کی جارہی ہیں۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر سعودی عرب نے عمرہ زائرین پر پابندی عائد کر دی تھی۔

دوسری جانب چین، ایران اور اٹلی سمیت دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 3 ہزار سے متجاوز ہو گئی ہے جبکہ 90 ہزار سے زائد متاثر ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button