کیا ایران میں کورونا وائرس کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 200 سے تجاوز کرگئی؟
مانیٹرنگ ڈیسک
ایران میں کورونا وائرس پھیلنے کے حوالے سے سرکاری سطح پر آنے والے اعداد و شمار غیر سرکاری اعدادو شمار سے بالکل مختلف ہیں۔ لندن سے بی بی سی فارسی سروس نے بتایا ہے کہ ایران میں کرونا وائرس سے اب تک 210 افراد ہلاک ہوچکے ہیں لیکن ایرانی حکومت کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں کی اصل تعداد چھپا رہی ہے۔ ادھر تہران بلدیہ کے ایک عہدیدار نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 15 ہزار تک پہنچ سکتی ہے۔
فارسی چینل نے جمعہ کی شام ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ ایران میں کورونا کے نتیجے میں دارالحکومت تہران میں 100 اور قُم میں 80 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
دریں اثنا ایرانی وزارت صحت کے ترجمان کیانوش جہان پور نے بی بی سی کی اس رپورٹ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ فارسی چینل نے تہران میں ان تمام افراد کی موت کو کورونا کا نتیجہ قرار دیا ہے جو کہ سانس کی دوسری بیماریوں کی وجہ سے فوت ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تہران میں اتنی بڑی تعداد میں لوگ کورونا سے ہلاک نہیں ہوئے۔ فارسی چینل کی رپورٹ کے اعداد و شمار غلط ہیں۔ جمعہ کے روز ایرانی محکمہ صحت کے حکام نے بتایا کہ ایران میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 34 ہوگئی ہے جب کہ 338 افراد میں اس وائرس کی موجودگی کی تشخیص کی گئی ہے۔
ایرانی لیبر ایجنسی ‘النا’ نے تہران میونسپل کونسل میں سیفٹی کمیٹی کے سربراہ ناہید خدا کرمی کے حوالے سے بتایا ہے کہ امکان ہے کہ کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 10 ہزار سے 15 ہزار تک پہنچ سکتی ہے۔
خداکرمی نے جمعہ کے روز ایک بیان میں کہا کہ یہ مُمکن ہے کہ 10،000 سے 15،000 شہری پہلے ہی وائرس کا شکار ہو چکے ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ یہ تعداد مایوس کن معلوم ہوسکتی ہے لیکن کچھ لوگ ایسے بھی ہوں جنہیں اس کے شکار ہونے کا علم نہ ہو۔
شمالی ایران کے شہر رشت شہر کے رکن پارلیمنٹ غلام علی جعفرزادہ ایمن آبادی نے کہا کہ ایران میں کورونا کے مریضوں کی حقیقی اموات سرکاری اعداد و شمار سے کہیں زیادہ ہوسکتی ہے۔ انہوں ںے حکومت پر زور دیا کہ وہ ملک میں کورونا وائرس کے متاثرین کی اصل تعداد ظاہر کرے۔