کابل، مسافر طیارہ طالبان کے زیر کنٹرول علاقے میں گر کر تباہ، 80 سے زائد افراد جاں بحق
افغانستان میں مسافر طیارہ گر کر تباہ ہو گیا جسکے نتیجے میں جہاز میں سوار 80 سے زائد افراد جاں بحق ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کی سرکاری ائیرلائن آریانا ائیرلائنز کا مسافر طیارہ ہیرات سے کابل کے لیے پرواز کررہا تھا جو صوبہ غزنی کے مشرقی ضلع دیہک کے پہاڑی علاقے میں گر کر تبا ہوگیا۔
غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ طیارے میں 80 سے زائد مسافر سوار تھے اور طیارہ جس علاقے میں گر کر تباہ ہوا یہ علاقہ طالبان کے زیر کنٹرول ہے۔
افغان میڈیا کے مطابق طیارہ مقامی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے کے قریب گرا جس میں سوار مسافروں اور عملے کے حوالے سے کوئی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔
صوبہ غزنی کے گورنر کے ترجمان نے طیارہ حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ طیارہ دیہک ضلع کے علاقے سادو خیل میں گرا، یہ علاقہ طالبان کے زیر اثر ہے اس لیے امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے، حادثے میں جانی نقصان سے متعلق ابھی کچھ نہیں کہہ سکتے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ طیارہ گرنے کے بعد طیارے میں آگ بھڑک اُٹھی، حادثہ اتنا خوفناک ہے کہ طیارے میں موجود مسافروں کے زندہ بچ جانے کے امکانات نہایت کم ہیں۔