بین الاقوامی

شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل اب شاہی خاندان کے فعال ممبرنہیں رہے

 

برطانیہ کے شاہی خاندان نے شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل کو شاہی خاندان کے فعال ممبرز کی فہرست سے باہر کردیا۔ برطانوی شاہی خاندان نے اعلان کیا ہے کہ شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل اب شاہی خاندان کے فعال ممبر نہیں رہے۔

بکنگھم پیلس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ہیری اور میگھن دونوں شاہی خطاب استعمال نہیں کریں گے اور نہ ہی انہیں پبلک فنڈز ملیں گے۔ اعلامیے کے مطابق ہیری اور میگھن کی جوڑی  ملکہ الزبتھ کی نمائندگی بھی نہیں کرسکے گی جب کہ برطانوی ملکہ الزبتھ کا کہنا ہے کہ ہیری اور میگھن میرے خاندان کے محبوب ممبر رہیں گے اپنے پوتے اور اس کے خاندان کے لیے تعمیری راستہ نکال لیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں برطانوی شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل نے شاہی خاندان کے سینئر فرد کی حیثیت سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا جبکہ شاہی جوڑے کے ہاں 8 ماہ قبل بیٹے آرچی کی پیدائش ہوئی تھی۔

شاہی جوڑے نے فیصلہ کیا ہے کہ اب وہ معاشی طورپر بھی خود مختار زندگی گزاریں گے اور برطانیہ کے ساتھ ساتھ شمالی امریکا میں زندگی بسر کریں گے۔

شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کے بیان کے مطابق اس دوران وہ ملکہ برطانیہ، دولت مشترکہ اور اپنے بڑوں کے لیے خدمات سرانجام دیتے رہیں گے جو کہ ان کے لیے باعث فخر ہے۔ برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہی جوڑا شمالی امریکا اور کینیڈا منتقل ہونے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے جب کہ ہیری کی اہلیہ میگھن مارکل اس وقت کینیڈا میں مقیم ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button