یوکرینی طیارہ ‘انسانی غلطی’ سے مار گرایا گیا ہے، ایران کا اعتراف
یوکرین کا یہ طیارہ بدھ کو تہران سے یوکرین جا رہا تھا اور پرواز کے آٹھ منٹ بعد ہی گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ ایرانی فوج نے سرکاری ٹی وہ پر کہا ہے کہ یہ اس وقت ہوا جب طیارے نے ایران کے پاسدارانِ انقلاب سے منسلک حساس مقام کے قریب پرواز کی۔‘
ایران نےیوکرین کا طیارہ مار گرانے کا اعتراف کر لیا ہے اور کہا ہے کہ فوج سے یہ اقدام ’غیر ارادی طور پر‘ پر سرزد ہوا ہے اور یہ ایک انسانی غلطی ہے۔
یوکرین کا یہ طیارہ بدھ کو تہران سے یوکرین جا رہا تھا اور پرواز کے آٹھ منٹ بعد ہی گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ ایرانی فوج نے سرکاری ٹی وہ پر کہا ہے کہ یہ اس وقت ہوا جب طیارے نے ایران کے پاسدارانِ انقلاب سے منسلک حساس مقام کے قریب پرواز کی۔‘
ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف کا سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہنا تھا کہ ’یہ ایک افسوس ناک دن ہے۔ افواج کی اندرونی تحقیقات کے مطابق امریکی جنگی جنون کی وجہ سے اس بحران کے موقع پر یہ انسانی غلطی پیش آئی ہے۔ ہم تمام ممالک کے متاثرین اور ان کے خاندانوں سے معذرت خواہ ہیں اور ان سے تعزیت کرتے ہیں۔
ایران کے صدر حسن روحانی نے بھی کیے گئے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ ’اس المیے اور ناقابل معافی غلطی کی نشاندہی اور قانونی چارہ جوئی کے لیے تحقیقات جاری ہیں‘۔
ایرانی صدر نے علیحدہ ٹوئٹ میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کو اس تباہ کن غلطی پر شدید افسوس ہے۔
خیال رہے کہ حادثے کے بعد عالمی رہنماؤں نے طیارہ حادثے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایران پر طیارے کی تباہی کا الزام عائد کیا تھا۔
کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے دعویٰ کیا تھا کہ ہمارے پاس اس بات کے ثبوت ہیں کہ طیارہ ایران کے زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل سے تباہ ہوا جبکہ برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن اور ان کے آسٹریلین ہم منصب اسکاٹ موریسن نے بھی اسی طرح کے بیانات دیے تھے۔