ایران امریکہ کشیدگی سے افغان عمل متاثر نہیں ہوگا۔ طالبان
طالبان نے کہا ہے امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی عسکری کشیدگی سے ان کے اور واشنگٹن کے درمیان ہونے والے مذاکرات متاثر ہونے کا امکان نہیں ہے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق طالبان مذاکراتی ٹیم کی نمائندگی کرنے والے سہیل شاہین نے کہا کہ امریکا کے ساتھ گزشتہ ایک سال سے زائد عرصے سے بات چیت کے بعد فریقین 18 سالہ افغان (تنازع) کے بعد امن معاہدے پر دستخط کے قریب پہنچے ہیں، امریکا ایران کشیدگی سے امن عمل کو خطرہ ہونے کی رپورٹس کو مسترد کرتے ہیں۔
سہیل شاہین کا کہنا تھا کہ ‘اس پیش رفت کا امن عمل پر کوئی منفی اثر نہیں پڑے گا کیونکہ (امریکا-طالبان) امن معاہدہ حتمی ہے اور صرف (فریقین کی جانب سے) دستخط ہونا باقی ہیں۔
انہوں نے پیش رفت کے حوالے سے بتایا کہ یہ صرف اس لیے ممکن ہوئی کیونکہ امریکا اور طالبان دونوں اس بات پر راضی ہیں کہ افغان تنازع صرف امن مذاکرات کے ذریعے حل ہوسکتا ہے۔