بین الاقوامی

آرمی چیف سے امریکی وزیر دفاع کا ٹیلیفونک رابطہ

امریکی وزیر دفاع مارک ٹی ایسپر نے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور امریکی وزیر دفاع مارک ٹی ایسپر کے درمیان مشرق وسطیٰ کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی وزیر دفاع نے کہا کہ امریکا علاقے میں تنازعہ نہیں چاہتا لیکن اگر ضرورت پڑی تو پوری طاقت سے جواب دے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے امریکی وزیر دفاع سے کہا کہ ‘ہم خطے کی موجودہ کشیدگی میں کمی کے خواہاں ہیں اور خطے میں قیام امن کے لیے اٹھائے جانے والے ہر اقدام کی مکمل حمایت کریں گے۔’

ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ ‘ہم متعلقہ فریقین پر زور دیتے ہیں کہ وہ جذباتی فیصلوں کے بجائے سفارتی طریقہ کار اپنائیں’۔

آرمی چیف نے کہا کہ ہم سب نے دہشت گردی کیخلاف جنگ لڑ کر خطے میں امن قائم کرنے کیلئے سخت محنت کی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ ‘ہم افغان مصالحتی عمل کی کامیابی کے لیے اپنا تعمیری کردار ادا کرتے رہیں گے تاکہ یہ عمل پٹڑی سے نہ اترے اور خطہ تنازع کے حل کی طرف جائے نہ کہ نئے تنازعات کی طرف’۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button