یکم جنوری 2020 کو دنیا بھر میں 3 لاکھ 92 ہزار بچوں کی پیدائش
نئے سال کے پہلے روز دنیا بھر میں 3 لاکھ 92 ہزار بچوں کی پیدائش ہوئی جن میں سے 16787 بچے پاکستان میں پیدا ہوئے۔
اقوام متحدہ کے ادارے یونیسف کے مطابق 2020ء کا پہلا بچہ فجی میں پیدا ہوا جبکہ عالمی سطح پر یکم جنوری کو ہونے والی نصف سے زائد پیدائشیں 7 دیگر ممالک میں ہوئیں جن میں 67385 بچے بھارت، 46299 چین، 26000 نائیجیریا، 13020انڈونیشیا، 10452امریکہ، 10247 کانگو جبکہ 8493 ایتھوپیا میں پیدا ہوئے۔
ایکسپریس نیوز میں شائع رپورٹ کے مطابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر یونیسف ہنریٹا فور نے کہا ہے کہ سال نو کے آغاز پر ہمیں اپنے بعد آنے والوں کے مستقبل، ان کی صلاحیتوں اور زندگی کے سفر میں ان کے لئے بہتر امکانات تلاش کرنے سے متعلق سوچنا ہو گا۔
رپورٹ کے مطابق 2018ء میں 25 لاکھ سے زائد نوزائیدہ بچے قبل از وقت پیدائش اور ڈیلیوری مسائل کے باعث ایک ماہ کی عمر کو پہنچنے سے پہلے ہی فوت ہو گئے تھے جن میں سے ایک تہائی بچوں کو زندگی کا دوسرا دن بھی دیکھنا نصیب نہیں ہوا، مزید براآں ہر سال 25 لاکھ سے زائد بچے مردہ پیدا ہوتے ہیں۔
یونیسف کے مطابق پچھلے 30 سال میں 5 سال سے کم عمر بچوں کی اموات میں نصف سے زیادہ کمی دیکھی گئی، ان اموات کی بڑی وجہ ماؤں اور نوزائیدہ بچوں کی دیکھ بھال کے لیے کسی تربیت یافتہ نرس یا دائی کی عدم دستیابی ہوتی ہے۔
عالمی ادارے نے ہیلتھ ورکرز کے حوالے سے عالمی سطح پر فوری سرمایہ کاری کی ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ تمام ماؤں اور بچوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے۔