خیبر پختونخواصحتعوام کی آواز

ملک کے 21 اضلاع میں سیوریج سے پولیو وائرس کی تصدیق، رواں سال 8 کیسز رپورٹ

 نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) اسلام آباد کی انسداد پولیو ریجنل ریفرنس لیبارٹری میں ملک بھر سے جمع کیے گئے 38 ماحولیاتی (سیوریج) نمونوں کی جانچ کے بعد 21 اضلاع میں وائلڈ پولیو وائرس ٹائپ 1 (WPV1) کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے۔

پولیو وائرس کی موجودگی لورالائی، کوئٹہ، ژوب، اسلام آباد، ایبٹ آباد، بنوں، ڈی آئی خان، پشاور، ٹانک، شمالی وزیرستان، لاہور، راولپنڈی، بدین، جامشورو، حیدرآباد، کشمور، کراچی شرقی، کراچی ملیر، کراچی کورنگی، کراچی جنوبی اور سکھر کے سیوریج نمونوں میں پائی گئی۔

جبکہ نوشکی، سبی، چارسدہ، لوئر دیر، مانسہرہ، سوات، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور راجن پور کے نمونوں کی رپورٹ منفی رہی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، 2025 میں اب تک ملک بھر میں پولیو وائرس کے 8 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، جن میں سے 2 کیسز پچھلے مہینے کے دوران صرف تین دنوں کے اندر سامنے آئے۔

انسداد پولیو پروگرام کے ایک اعلیٰ عہدیدار کے مطابق پاکستان میں پولیو وائرس کے پھیلاؤ کا ’ہائی ٹرانسمیشن سیزن‘ شروع ہو چکا ہے، اور گرمیوں میں وائرس کی سرگرمی میں اضافہ ہوتا ہے، جس کے باعث آئندہ ہفتوں اور مہینوں میں مزید کیسز سامنے آنے کا خدشہ ہے۔

حکام کے مطابق پولیو پروگرام ملک بھر میں بچوں کو معذور کردینے والے پولیو وائرس سے محفوظ رکھنے اور وائرس کی منتقلی کو روکنے کے لیے حفاظتی قطرے پلانے کی سخت اور منظم مہمات چلا رہا ہے۔ ان کے بقول، ستمبر 2024 کے بعد اعلیٰ معیار کی پولیو مہمات کی بدولت وائرس کے پھیلاؤ میں کمی دیکھی گئی ہے۔

انسداد پولیو کی اگلی ملک گیر مہم 26 مئی سے یکم جون 2025 تک منعقد کی جائے گی، جس میں ملک بھر کے 5 سال سے کم عمر کے 4 کروڑ 54 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button