خیبر پختونخوا میں ایم پاکس کےتیسرے مریض کی تصدیق
خیبر پختونخوا کے ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ، ڈاکٹر ارشاد علی نے تصدیق کی ہے کہ بیرون ملک سے آنے والے 51 سالہ مریض میں ایم پاکس وائرس کی موجودگی پائی گئی ہے۔
پشاور ایئرپورٹ پر میڈیکل ٹیم نے سکریننگ کے دوران علامات ظاہر ہونے پر مریض کو فوراً پولیس سروسز ہسپتال منتقل کیا۔ ڈاکٹر ارشاد علی کے مطابق، مریض کی حالت بہتر ہے اور وہ ہسپتال میں زیر علاج ہے۔
ریپڈ ریسپانس ٹیم نے مریض سے نمونے لے کر لیبارٹری بھجوائے، جہاں پبلک ہیلتھ ریفرنس لیبارٹری نے ایم پاکس کی تصدیق کی۔ ڈاکٹر ارشاد روغانی نے بتایا کہ مریض کا تعلق اورکزئی سے ہے اور یہ خیبر پختونخوا میں 2024 میں ایم پاکس کا تیسرا تصدیق شدہ کیس ہے۔
اب تک صوبے میں کوئی مقامی کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے۔ محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے ایم پاکس کے لیے ایک مربوط سرویلنس اور رسپانس نظام قائم کیا ہے تاکہ مستقبل میں اس قسم کے کیسز کی مؤثر نگرانی کی جا سکے۔