پیٹ میں کیڑے کیوں ہوتے ہیں؟
ناہید جہانگیر
"کچھ دنوں سے اذان کی طبیعت خراب تھی تیز بخار کی وجہ سے تپ رہا تھا۔ اس کو جب دوائی دے رہی تھی تو اس کے مںہ میں پلاسٹک کی طرح کچھ نظر آیا جب ہاتھ سے نکالنے لگی تو پتہ چلا کہ وہ تو سفید رنگ کا کیڑا تھا۔”
پشاور کی شگفتہ بتاتی ہیں کہ انکا بیٹا 3 سال کا ہے جس کو کچھ دن سے تیز بخار تھا۔ وہ بتاتی ہیں کہ کیڑا مںہ سے نکالنے کے بعد بچے کو ڈاکٹر کے پاس لے گئی کیونکہ اکثر بچوں کے پیٹ میں کیڑے ہوتے ہیں لیکن وہ تو بڑے پیشاب کے زریعے سے نکلتے ہیں یہ ان کے لئے انوکھی بات تھی۔
وہ بتاتی ہیں کہ ڈاکٹر سے اپنے بچے کا معائنہ کروایا تو انہوں نے بتایا کہ خطرے کی بات نہیں ہے کیونکہ بعض بچوں سے منہ کے زریعے سے بھی پیٹ کے کیڑے خارج ہوتے ہیں۔ شاید ہی کوئی ایسا ہو جس کے پیٹ سے بچپن میں کیڑے نا نکلے ہو۔
اسکی وجوہات کیا ہے اس حوالے سے لیڈی ریڈنگ ہسپتال پیڈریاٹک ڈیپارٹمنٹ کے ہیڈ پروفیسر امیر محمد بتاتے ہیں کہ عام طور پر پیٹ کے کیڑے بچوں، بڑوں اور بزرگوں میں ہوسکتے ہیں لیکن سب سے زیادہ بزرگوں اوربچوں کے پیٹ میں کیڑے پائے جاتے ہیں کیونکہ ان کا مدافعتی نظام کمزرو ہوتا ہے۔ یہ بیماری گرم مرطوب والے علاقوں میں رہنے والے لوگوں میں پائی جاتی ہے جہاں حفظان صحت کی ناقص صورت حال ہو۔
دوسری جانب ماہ نور کہتی ہیں کہ ایک دفعہ ان کی دادی کو سانس لینے میں دشواری ہوئی۔ کوئی پانی دینے لگا تو کوئی دعا پڑھنے لگا اتنے میں دادی نے کہا کہ گلے میں کچھ ہے جیسے ہی ان کے منہ میں ہاتھ ڈالا تو ہاتھوں کوکچھ محسوس ہوا۔ نکالا تو پتہ چلا کہ ایک سفید رنگ کا بڑا سا کیڑا ہے جسکے بعد دادی کی طبیعت ٹھیک ہوئی۔
وجوہات
بچوں کے ماہر ڈاکٹر پروفیسر امیر محمد وجوہات کے حوالے سے کہتے ہیں کہ آلودہ پانی پینے ، کچا گوشت یا سبزیاں کھانے، پھل اور سبزیوں کو نا دھونے ،فضلہ کو یا اس طرح کی گندی چیزکا جسم پر لگ جانے اور صفائی کا خاص خیال نا رکھنے،ہاتھ نا دھونے سے پیٹ میں کیڑے پڑ سکتے ہیں۔ جو پاخانہ یا منہ کے زریعے سے بدن سے خارج ہوتے ہیں۔
پیٹ کے کیڑوں کی اقسام
پیٹ کے کیڑوں کی اقسام میں پن ، ٹیپ ، گول اور وہپ کیڑے شامل ہیں۔
پن ورم
یہ کیڑا آنتوں میں پایا جاتا ہے یہ سفید رنگ کے پتلے سے کیڑے ہوتے ہیں۔
وہپ کیڑے
یہ کیڑے بڑی آنت مین پائے جاتے ہیں یہ انسانوں اور جانوروں دونوں میں پائے جاتے ہیں۔
ٹیپ کیڑے
یہ کیڑے چپٹے ہوتے ہیں جانوروں میں پائے جاتے ہیں متاثرہ جانور کا گوشت ٹھیک طریقے سے پکا نا ہو اس کو کھانے سے پیٹ میں داخل ہوتے ہیں۔
گول کیڑے
یہ گول ہوتے ہیں اور مرطوب ، گندی مٹی میں اس کے جراثیم یا انڈے موجود ہوتے ہیں مٹی پر کھیل کود سے یا بعض بچے مٹی کھاتے ہیں اسکے زریعے منہ میں داخل ہوتے ہیں۔ یہ گول کیڑے مںہ یا ناک کے زریعے جسم سے خارج ہوتے ہیں۔
علامات
ڈاکٹر امیر محمد علامات کے بارے میں بتاتے ہیں کہ جس کسی کے پیٹ میں کیڑے ہوتے ہیں تو ان کی علامات درج ذیل ہے۔
جیسے بھوک کا بار بار لگ جانا لیکن کھانا صحیح طریقے سے نا کھانا، خون کی کمی، خارش کی شکایت، مسوڑوں سے خون آنا، اکثر بچوں کا پیٹ قد اور وزن سے بڑا نظر آنا،ہاضمہ کے مسائل، جلدی امراض جیسے السر یا زخم بن جانا وغیرہ اسکی عام علامات ہیں۔
احتیاط
ماہر امراض اطفال امیر محمد بتاتے ہیں کہ ہمیشہ صاف پانی پینا چاہئے، صاف پانی سے دھلے پھل و سبزیاں کھانی چاہئے۔ سبزی اور پھل صاف اور اچھی طرح پکا کر کھانے چائیے۔ واش روم نکلنے کے بعد اپنے ہاتھوں کو صابن سے اچھی طرح دھونا چاہئے، کھانا کھانے سے پہلے اپنے ہاتھوں کو اچھی طرح دھونا ضروری ہے۔
علاج
ماہر امراض اطفال پروفیسر امیر محمد علاج کے حوالے سے کہتے ہیں کہ احتیاط ضروری ہے۔ اسکے علاوہ جس کسی میں بھی بتائے گئے علامات نظر آئے تو وقت پر ڈاکٹر سے رجوع کریں۔ ڈاکٹر بچے کو دوائی تجویز کرتا ہے یہ دوائی 1 سے 3 دن کا ہوتی ہے جسکے کھانے سے یہ کیڑے پاخانے کے ذریعے جسم سے نکلتے ہیں۔