صحت

منسوخ شدہ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کا انعقاد کب ہوگا؟ نئی تاریخ سامنے آگئی

 

ذیشان کاکاخیل

خیبرپختونخوا میں میڈیکل کالجز کے لیے داخلے ٹیسٹ کے دوبارہ انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ خیبرپختونخوا حکومت نے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کو اگلے ماہ یعنی نومبر کی 19 تاریخ کو ٹیسٹ منعقد کرنے کے لیے انتظامات مکمل کرنے کا کہا ہے۔

محکمہ اعلیٰ تعلیم کے ذرائع کے مطابق 10 اکتوبر کو نقل کے معاملے پر ٹیسٹ کو منسوخ کردیا گیا تھا اور اس معاملے کی مکمل تحقیقات کرائی گئی اور کابینہ نے ٹیسٹ کے دوبارہ انعقاد کے لئے 6 ہفتوں کا وقت دیا تھا۔ ذرائع خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے مطابق 19 نومبر کو ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کا انعقاد کیا جائے گا جس کے لیے تیاریاں جاری ہے۔

حکومت نے پی ایم ڈی سی کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اگلے ماہ کے 19 تاریخ کو ٹیسٹ کا انعقاد کیا جائے۔ ترجمان پی ایم ڈی سی محمد عمیر نے تصدیق کرتے ہوئے ٹی این این کو بتایا کہ پی ایم ڈی سی خیبرپختونخوا کابینہ کے فیصلے پر عملدرآمد کرتے ہوئے ٹیسٹ کا انعقاد کرے گا۔ ان کے مطابق ٹیسٹ کے انعقاد پر پہلے فیصلہ کیا گیا تھا کہ سپریم کورٹ سے رجوع کیا جائے لیکن اب کابینہ اور پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کرتے ہوئے سپریم کورٹ نہ جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

کابینہ کے فیصلے کے مطابق اس بار ٹیسٹ کا انعقاد ایٹا کی بجائے خیبر میڈیکل یونیورسٹی کرے گا جس کے شفاف انعقاد کی یقین دہانی پہلے ہی یونیورسٹی انتظامیہ کرا چکی ہے. پہلے سے رجسٹرڈ طلبہ و طالبات سے نئے ٹیسٹ دینے کی کوئی فیس نہیں لی جائے گی۔

رواں سال کے 10 اکتوبر کو خیبرپختونخوا کے 11 اضلاع میں 46 ہزار 612 طلبہ نے ٹیسٹ دیا تھا جسے بعد میں نقل کی وجہ سے منسوخ کیا گیا ہے۔ ٹیسٹ کے دوبارہ انعقاد کی انکوائری کی گئی اور صوبائی کابینہ نے 6 ہفتوں میں اسے دوبارہ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے اب ٹیسٹ کا دوبارہ انعقاد 19 نومبر کو کیا جائے گا۔ نقل کے معاملے پر 2 سو سے زائد طلبہ کو گرفتار کیا گیا تھا جبکہ ٹیسٹ کو کابینہ کے فیصلے کے مطابق منسوخ کیا گیا تھا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button